امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس اسلام آباد پہنچ گئے

امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس اسلام آباد پہنچ گئے

اسلام آباد: امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے اور وہ سول و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ امریکی وزیر دفاع کا نور خان ایئربیس پر وزارت دفاع اور خارجہ کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔

امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے مطابق جیمز میٹس دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ پ

پاکستانی قیادت سے ملاقات کے دوران امریکی وزیر دفاع علاقائی سلامتی، امن، افغان تنازعے اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ یاد رہے کہ امریکی وزیر دفاع کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔ اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے 24 اکتوبر کو پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کی ملاقات آج سہ پہر ہو گی جس میں وزیر دفاع خرم دستگیر، وزیر خارجہ خواجہ آصف، مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ (ر) ناصر خان جنجوعہ بھی موجود ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی وزیر دفاع سے ملاقات میں امریکا کی نئی جنوبی ایشیائی پالیسی کے امور زیر غور آئیں گے جب کہ پاکستان خطے کی سلامتی کے حوالے سے اپنا مؤقف کھل کر بیان کرے گا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں افغانستان میں قیام امن کی کوششوں پر بھی بات چیت ہو گی۔

پینٹاگون کے مطابق وزیر دفاع جیمز میٹس جنوبی ایشیا سے متعلق ٹرمپ انتظامیہ کی نئی پالیسی پاکستانی حکام تک پہنچائیں گے۔ خیال رہے کہ امریکی وزیر دفاع مشرق وسطیٰ، مغربی افریقا اور جنوبی ایشیاء کے 5 روزہ دورے پر ہیں اور وہ مصر کے بعد اردن اور آج پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں