پاکستان دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کو ختم کرے ورنہ امریکی کارروائی کیلئے تیار رہے : مائیک پومپیو

پاکستان دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کو ختم کرے ورنہ امریکی کارروائی کیلئے تیار رہے : مائیک پومپیو

واشنگٹن: امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر مائیک پومپیو نے پاکستان کو خبردار کیا ہے کہ اگر پاکستان اپنی حدود میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کو ختم نہیں کرے گا تو امریکا خود کارروائی کرے گا اور اس کے لیے چاہے کوئی بھی قدم اٹھانا پڑے ۔سی آئی اے کے ڈائریکٹر مائیک پومپیو نے کہا کہ پاکستان کی سوچ ابھی تک تبدیل نہیں ہوئی اگر پاکستان نے اپنی حدود کے اندر دہشتگردوں کی  محفوظ پناہ گاہوں کا خاتمہ نہ کیا تو امریکا خود کارروائی کرے گا۔

انہوں نے  کہا کہ ایک جانب پاکستان دہشت گردی کا خاتمہ چاہتا ہے جبکہ دوسری جانب وہ افغانستان اور بھارت کے معاملے میں دہشت گردوں کو استعمال کرنے سے گریز نہیں کرتا۔امریکی وزردفاع کے پاکستان کے دورے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جیمس میٹس پاکستان کو ڈونلڈ ٹرمپ کے ارادوں سے آگاہ کریں گے اور یہ پیغام دیں گے کہ ہم ان سے کیا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کے باعث امریکا، افغانستان میں وہ نہیں کر پا رہا جو اسے کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید وضاحت دی کہ اگر پاکستان نے واشنگٹن کی پیشکش کو مسترد کیا تو ٹرمپ انتظامیہ ان پناہ گاہوں کو ختم کرنے کے لیے دوسرے ذرائع استعمال کرے گا۔

یاد رہے کہ امریکی وزیردفاع جیمس میٹس اپنے سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ چکے ہیں ۔جہاں ان کی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کریں گے جس میں وہ ٹرمپ انظامیہ کا  پیغام پہنچائیں گے ۔ 

خیال رہے کہ 2004 سے سی آئی اے فاٹا میں ڈرون حملے کرتے آرہی ہے اور حالیہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ ان حملوں کی حدود کو بڑھا کر پاکستان کے دیگر علاقوں تک پھیلانا چاہتی ہے۔