ممتاز بالی ووڈ اداکار ششی کپور انتقال کر گئے

ممتاز بالی ووڈ اداکار ششی کپور انتقال کر گئے

ممبئی: بالی ووڈ کی دنیا کے لیجنڈ اداکار اور پرتھوی راج کپور کے سب سے چھوٹے بیٹے ششی کپور کا79سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ ششی کپور طویل عرصے سے مختلف بیماریوں کے باعث علیل تھے اور چلنے پھرنے سے پوری طرح معذور تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لیجنڈری اداکار ششی کپور کا انتقال آج ممبئی کے مقامی اسپتال میں ہوا اور ان کی آخری رسومات کل ادا کی جائیں گی۔ششی کپور نے بطور چائلڈ ایکٹر فلمی کیرئیر کا آغاز کیا اور کئی شہرہ آفاق فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جس میں ’دیوار‘، ’صالح خان، ’کبھی کبھی‘ اور ’پرورش‘ سمیت کئی فلمیں شامل ہیں۔

اداکار کی بالی وڈ انڈسٹری میں امیتابھ بچن کے ساتھ جوڑی بہت مشہور ہوئی اور ان کی فلم ’دیوار‘ کا ڈائیلاگ ’میرے پاس ماں ہے‘ زبان زد عام ہوا جس سے انہیں خوب شہرت ملی تھی۔ سال2011میں ان کو حکومت ہند نے پدم بھوشن ایوارڈ سے سرفراز کیا تھا، جبکہ 2015میں انکو داد صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ششی کپور کے انتقال پر بھارتی فلم نگری کے اداکاروں سمیت دیگر شعبہ زندگی کے افراد نے بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔