نواز شریف ملک و جمہوریت کی بقا کیلئے سیاست چھوڑ دیں، بلاول

نواز شریف ملک و جمہوریت کی بقا کیلئے سیاست چھوڑ دیں، بلاول

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملک کی بقا اور جمہوریت کیلئے نواز شریف سیاست چھوڑ دیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز شریف تین بارملک کے وزیراعظم رہے ہیں انہیں اب ریٹائر ہوجانا چاہیے، میاں صاحب کو مشورہ دیا ہے کہ عدالتوں کے معاملے پر نظرثانی کریں اور ملک و جمہوریت کی بہتری اسی میں ہے کہ وہ سیاست سے کنارہ کش ہوجائیں۔
سپریم کورٹ کی جانب سے سندھ میں صاف پانی کی عدم فراہمی کا نوٹس لینے پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کا مسئلہ صرف سندھ میں نہیں پورے ملک میں ہے، پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے جنوبی علاقوں کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بھی پانی کے بحران کا شکار ہے، جس بلوچستان میں سی پیک کا ڈھنڈورا پیٹا جا رہا ہے وہاں تو پانی موجود ہی نہیں، خوشی ہے کہ وزیراعلی سندھ کو معاملہ سپریم کورٹ کے سامنے رکھنے کا موقعہ ملا ہے۔