ویٹرنز کرکٹ ورلڈ کپ ،پاکستانی نژاد انگلش کرکٹر کو دل کا دورہ پڑگیا

ویٹرنز کرکٹ ورلڈ کپ ،پاکستانی نژاد انگلش کرکٹر کو دل کا دورہ پڑگیا
کیپشن: تصویر بشکریہ فیس بک

سڈنی:ویٹرنز کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میچ کے دوران انگلش ٹیم کے کھلاڑی راجہ ارشد حیات کو دل کا دورہ پڑگیا۔

روز ڈیل کرکٹ گرائونڈ سڈنی میں حال ہی میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ کی نمائندگی کرنے والے راجہ ارشد حیات بیٹنگ کر رہے تھے، ابھی انہوں نے محض 24 رنز ہی بنائے تھے کہ ان کے سینے میں شدید درد اٹھا۔


52 سالہ ارشد حیات کو ایمبولینس کے ذریعے فوراً ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ڈاکٹرز نے بتایا کہ انھیں ہارٹ اٹیک ہوا ہے، جس کے بعد انھیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں منتقل کردیا گیا، جہاں ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے تاہم ڈاکٹروں کی جانب سے آرام کا مشورہ دیئے جانے کے بعد انہوںنے ٹورنامنٹ چھوڑ کر واپس انگلینڈ جانے کا فیصلہ کیا۔


خیال رہے کہ ویٹرنز ورلڈ کپ میں عمر کی کم سے کم حد 50 سال رکھی گئی ہے۔ماضی میں بھی ویٹرنز کرکٹ کے دوران دل کا دورہ پڑنے اور کھلاڑیوں کی اموات کے واقعات پیش آچکے ہیں۔

دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے راجا ارشد حیات کا تعلق ساہیوال سے ہے، وہ 1989ءسے 1999ءتک پاکستان میں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل چکے ہیں۔39 فرسٹ کلاس میچوں میں ارشد حیات نے ایک سنچری کی مدد سے 1397 رنز بنائے، چند سال پہلے انہوں نے انگلینڈ میں سکونت اختیار کر لی تھی۔