آسٹریلیا سے شرمناک شکست،پی سی بی نے عوام کو صبر کی تلقین کردی

آسٹریلیا سے شرمناک شکست،پی سی بی نے عوام کو صبر کی تلقین کردی

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے ہاتھوں شرمناک شکست پر پاکستانی عوام کو صبر کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ راتوں رات سب کچھ تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔


چیف ایگزیکیو پی سی بی وسیم خان نے پاکستان ٹیم کی ہار پر آسٹریلیا میں ایک میں کہا کہ صبر بہت اہم ہوتا ہے۔ جب آپ جیتتے ہیں تو پھر شکست کا سامنا بھی ہوتا ہے لیکن شکست سے دنیا ختم نہیں ہو جاتی۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمیں صبر کرنا چاہیے، ہم طویل المدتی کوششیں کر رہے ہیں اور یقین ہے کہ ہم ضرور کامیاب ہوںگے۔وسیم خان نے کہا کہ ہم ٹیسٹ میں ساتویں اور ون ڈے میں چھٹے نمبر پر ہیں ،یہ محض اتفاق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اسے راتوں رات تبدیل نہیں کر سکتے، ایسا نہیں ہو سکتا کہ کوچز تبدیل کر دیں اور سب اچھا ہو جائے اور ہم دنیا بھر کو شکست دینا شروع کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنا سسٹم تبدیل کرنا ہے، اس پر ٹائم ضرور لگ سکتا ہے لیکن نتائج سامنے آئیں گے۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ آسٹریلیا میں ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز اچھا نہیں رہا ہے تاہم آسٹریلیا میں جو بھی ٹیم آتی ہے اسے مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ آسٹریلیا میں کنڈیشنز ٹف ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سیریز میں پاکستان ٹیم کے لیے مثبت چیزیں بھی ہیں لیکن ہم اسے بھول جاتے ہیں لیکن آخری نتیجے کو صرف یاد رکھتے ہیں۔وسیم خان نے کہا کہ بابرا عظم نے غیر معمولی اننگز کھیلیں ،باﺅلنگ میں بھی کچھ اچھی چیزیں سامنے آئیں۔