دنیا کشمیر سے متعلق حکومتی کوششوں کی معترف ہے، وزیر خارجہ

دنیا کشمیر سے متعلق حکومتی کوششوں کی معترف ہے، وزیر خارجہ
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیر ایشو پر یہ ایوان تقسیم نہیں اور نہ ہی اس مسئلے پر ہمیں کوئی ابہام ہے، کمزوری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔


تفصیلات کے مطابق ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ  مسئلہ کشمیر  آج سے نہیں 72 سالوں سے جاری ہے۔ بھارت کی کشمیر کی حیثیت تبدیل کئے جانے کے بعد پاکستان نے یہ مسئلہ دنیا بھر میں اٹھایا۔ آج کوئی بھی کشمیری بھارت کے موقف کی کوئی تائید نہیں کرتا۔ امریکا تک نے پاکستان کے موقف کی تائید کی۔

احسن اقبال کو جواب دیتے ہوتے  وزیر خارجہ نے کہا کہ  او آئی سی کو مردہ گھوڑا نہیں کہنا چاہیے۔ او آئی سی کے 57 ملک ہیں، ان کے ووٹوں کی ہمیں ضرورت ہے۔ ہم او آئی سی کے دوستوں کو ناراض نہیں کر سکتے۔ آپ او آئی سی کو مردہ گھوڑا کہہ کر پاکستان اور کشمیر کی خدمت نہیں کر رہے۔ 

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا بھی کشمیر سے متعلق حکومتی کوششوں کی معترف ہے۔ خود بھارتی حکمرانوں کے اقدامات کی وجہ سے بھی یہ معاملہ اجاگر ہوا۔ آج کوئی کشمیری رہنما بھارتی موقف کی حمایت نہیں کر رہا۔ بھارت نواز کشمیری رہنماؤں نے بھی ہندوستانی موقف کو مسترد کیا۔

انہوں نے کہا  کہ پچاس برس بعد کشمیر کے مسئلے پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا گیا۔ ہندوستان نے اس اجلاس کو روکنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی۔ ہم نے کشمیر کے معاملے کو اب انٹرنیشنلائز کیا ہے۔ کشمیر کے معاملے پر دنیا کے ایوانوں میں بحث ہو رہی ہیں۔ بھارت خوف میں مبتلا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے دفتر کشمیر کا مسئلہ بھرپور طریقے سے پیش کیا۔ کشمیر مسئلے پر اپوزیشن کے لیڈران کو فارن آفس مدعو کرتا ہوں۔ اپوزیشن اپنی تجاویز پیش کریں اگر وہ قابل قبول ہوں تو ان پر مکمل عملدرآمد کروائیں گے۔