سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے قتل کا مقدمہ درج ,100 سے زائد گرفتار

سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے قتل کا مقدمہ درج ,100 سے زائد گرفتار

سیالکوٹ : پنجاب کے صنعتی شہر سیالکوٹ کی فیکٹری میں سری لنکن شہری پریانتھاکمارا کی ہلاکت کا مقدمہ تھانہ اگوکی میں درج  کرلیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں فیکٹری ملازمین کے تشدد سے سری لنکن شہری پریا نتھاکماراکی ہلاکت کے بعد  900 افراد کے خلاف سب انسپکٹر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا کہنا ہے کہ   واقعہ میں ملوث دیگر افراد کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شناخت کا عمل جاری ہے۔

واقعہ میں دو مرکزی ملزمان  فرحان ادریس اور عثمان رشید کو سمیت  سو دیگر افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق راجکو فیکٹری کے اندر 900 کے قریب افراد ڈنڈے سوٹوں سے لیس تھے اور  تمام افراد سری لنکن شخص کی لاش کو سڑک پر گھسیٹ رہے تھے، نفری ناکافی ہونے کے باعث ہجوم کو نہ روکا جا سکا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق  ہجوم نے مذہبی توہین کے الزام میں سری لنکن شہری کو قتل کیا اور سری لنکن شہری کو قتل کر کے اس کی لاش کی بے حرمتی کی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی۔

واضح رہے کہ سیالکوٹ میں تھانہ اگوکی کے علاقہ وزیر آباد روڈ پر واقع نجی فیکٹری کے غیر ملکی مینجر کو ملازمین نے توہین مذہب کے الزام میں قتل کرکے لاش جلادی تھی ۔