دوسرا ٹیسٹ، پہلے روز کا کھیل ختم، پاکستان نے 2 وکٹوں پر 161 رنز بنا لئے

دوسرا ٹیسٹ، پہلے روز کا کھیل ختم، پاکستان نے 2 وکٹوں پر 161 رنز بنا لئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ڈھاکہ: پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنا لئے ہیں تاہم خراب روشنی کے باعث پہلے روز کا کھیل ختم کر دیا گیا ہے۔ کپتان بابراعظم 60 اور اظہر علی 36 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ 
شیر بنگلہ کرکٹ سٹیڈیم ڈھاکہ میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 59 کے مجموعی سکور پر عبداللہ شفیق 25 رنز بنا کر تیج الاسلام کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ مجموعی سکور میں محض 11 رنز کے اضافے بعد ہی دوسرے اوپنر عابد علی بھی تیج الاسلام کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، انہوں نے 39 رنز بنائے۔ 
ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعد کپتان بابراعظم اور اظہر علی نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 91 رنز جوڑ کر مجموعی سکور 161 پر پہنچا دیا اور میچ پر پاکستان کی گرفت مضبوط کر دی تاہم اس موقع پر خراب روشنی کے باعث میچ روک دیا گیا اور بعد ازاں امپائرز نے پہلے روز کا کھیل ختم ہونے کا اعلان کر دیا۔ 
قبل ازیں پاکستانی کپتان بابراعظم کا ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کیلئے سازگار نظر آ رہی ہے جبکہ بنگلہ دیشی کپتان کا کہنا تھا کہ دوسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کرنے کی کوشش کریں گے۔
دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اورپہلے ٹیسٹ کی ٹیم کو ہی برقرار رکھا گیا ہے جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم میں آل راو¿نڈر شکیب الحسن کی واپسی ہوئی ہے ۔
واضح رہے کہ میچ کیلئے قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، عابد علی، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فواد عالم، فہیم اشرف، حسن علی، نعمان علی، ساجد خان اورشاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔ 
بنگلہ دیش کی قیادت مومن الحق کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شادمان اسلام، محمود الحسن جوئے، نجم الحسین شنتو، شکیب الحسن، مشفیق الرحیم، لٹن داس، مہدی حسن، تیج الاسلام، خالد احمد اور عبادت حسین شامل ہیں۔