سیریز کھیلو ورنہ بگ تھری ختم کرو، پی سی بی اپنے فیصلے پر ڈٹ گیا

سیریز کھیلو ورنہ بگ تھری ختم کرو، پی سی بی اپنے فیصلے پر ڈٹ گیا

لاہور: آئی سی سی کے آئندہ اجلاس میں پاکستانی کرکٹ بورڈ نے بگ تھری کے خاتمے کیلئے اپنا اصولی موقف اپنانے کا فیصلہ کر لیا۔تفصیلات کے مطابق  پاکستان کرکٹ بورڈ نے  اجلاس میں سرمایہ کی برابر تقسیم  اور بگ تھری کے خاتمے کی بات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس کے ساتھ چار روزہ ٹیسٹ کی مخالفت کا بھی فیصلہ کر لیا۔آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کے لیے دبئی روانگی سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بگ تھری نظام اور سرمایے کی تقسیم کا فارمولا ختم ہو اور ہم سجھتے ہیں کہ اس حوالے سے آئی سی سی کے لیے قانونی مشکل نہیں ہے۔

شہریار خان نے واضح کیا کہ پاکستان نے 2014 میں بگ تھری کی حمایت کی تھی کیونکہ انڈیا نے 2015 سے 2023 کے درمیان باہمی 6 سیریز کھیلنے کے لیے معاہدے پر دستخط کیا تھا۔ انھوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ بگ تھری حمایت کرنے کی یہ وجوہات اور شرائط تھے لیکن جب انڈیا معاہدے کے مطابق اپنے وعدوں کی پاسداری نہیں کرتا تو ہمیں اپنے پرانے منصوبے کو جاری رکھنے کی کوئی وجہ نظر نہیں آرہی ہے۔انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو بگ تھری نظام کے تحت سب سے زیادہ منافع حاصل ہورہا ہے اور آئی سی سی کو 2015 سے 2023 کے دوران براڈکاسٹنگ اور مقابلوں سے حاصل ہونے والی آمدنی سے بی سی سی آئی کو بڑا حصہ ملتا رہے گا۔