چترال میں گولن گول بجلی منصوبے کا افتتاح،چترال میں کبھی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی:وزیراعظم کا تقریب سے خطاب

چترال میں گولن گول بجلی منصوبے کا افتتاح،چترال میں کبھی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی:وزیراعظم کا تقریب سے خطاب

چترال:وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے چترال میں گولن گول بجلی منصوبے کا افتتاح کردیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے گولن گول منصوبے کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گولن گول منصوبے کے افتتاح پر خوشی ہوئی،منصوبہ اتنی بجلی پیدا کریگا کہ چترال کی بجلی کی ضرورت پوری ہوجائےگی،منصوبے کے بعد چترال میں کبھی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی،یہ منصوبہ چترال کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گولن گول منصوبے کی بجلی پر چترال کے عوام کاحق ہے،منصوبے سے قومی خزانے کو 3ارب 70 کروڑ روپے سالانہ فائدہ ہوگا،پہلا یونٹ آپریشنل ہوگیا،دوسرا مارچ اور تیسرا مئی میں فعال ہوگا،108 میگاواٹ بجلی 20اگست 2018 تک قومی نظام میں شامل ہوجائیگی،پہلے یونٹ سے 36میگاواٹ بجلی چترال اور ملحقہ علاقوں کو فراہم کی جائیگی اور36میگاواٹ کے 3یونٹس سے108 میگاواٹ بجلی پیداہوگی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ جہاں بھی مشکلات اور کمی ہوگی اس کو پوراکیا جائیگا،ماضی میں حکومتی وسائل چترال تک نہیں پہنچے،چترال میں گیس کا مسئلہ بھی حل کیاجائےگا،اربوں روپے کی سڑکیں بنائی جارہی ہیں،چترال سی پیک منصوبے میں شامل ہونے جارہاہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج ملک میں بجلی اور گیس کا بحران ختم ہوچکاہے،پاکستان کو ایک درست سمت پر ڈال دیاگیاہے،جولائی میں آپ نے درست فیصلہ کرنا ہے، اگر آپ نے درست فیصلہ کیا توترقی کا سفر چلتارہے گا،نواز شریف کی پالیسی کی وجہ سے پاکستان کی ڈوبتی معیشت بحال ہوئی ہے۔