شعیب ملک نے دوسرا ٹی 20 میچ ہارنے کی وجہ بتادی

شعیب ملک نے دوسرا ٹی 20 میچ ہارنے کی وجہ بتادی
تصویر بشکریہ ٹوئٹر آئی سی سی

جوہانسبرگ:جنوبی افریقہ سے دوسرا ٹی 20 میچ بھی ہارنے کے بعد پاکستان کے قائم مقام کپتان شعیب ملک نے ہارنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم میں میچ کو ختم کرنے کی صلاحیت کی کمی ہے۔ جب ایک بلے باز سیٹ ہوتا ہے تو اسے چاہیے کہ وہ میچ کو ختم کرکے جائے لیکن ہماری ٹیم میں یہ چیز نہیں ہے۔


تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا ٹی 20 گزشتہ روز کھیلا گیا جس میں گرین شرٹس کو سخت مقابلے کے بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا۔کپتان شعیب ملک نے کہا کہ آج کا میچ بہت ہی غیر معمولی تھا اور ہم اسے جیتنا چاہتے تھے۔ اس بار میچ ہمارے ہاتھ میں تھا لیکن ہم آخری 2 باﺅنڈریز ہی نہیں مار سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم کی کلاس ہے، بالخصوص ایسے وقت میں انہوں نے کلاس دکھائی جب انہیں ایک اچھی پچ پر بہترین باﺅلنگ اٹیک کے خلاف پرفارم کرنا پڑا۔ڈیوڈ ملر کی دھواں دار اننگز کے بارے میں بات کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ ڈیوڈ ملر کی ایک کلاس ہے جو انہوں نے آج ثابت بھی کردی ہے۔ اگر ہم انہیں اگلے میچ میں روکنا چاہتے ہیں تو ہمیں 2 سے 3 پلان ترتیب دینے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب ہمارے ہاتھ میں وکٹیں تھیں تو میچ کو 20 ویں اوور تک نہیں جانا چاہیے تھا۔ جب ایک بیٹسمین سیٹ ہوجاتا ہے تو اسے چاہیے کہ وہ اننگ کا خاتمہ بھی کرے کیونکہ نئے کھلاڑی کیلئے گیند نیا ہوتا ہے۔

ہماری اچھی پارٹنر شپ لگی لیکن ہماری ٹیم میں میچ کو ختم کرنے کی صلاحیت کی کمی ہے۔ ہم اس بارے میں مشاورت کریں گے اور اس خامی کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عماد وسیم نے زبردست گیند بازی کی لیکن ایسے 2 سے 3 باﺅلرز ہونے چاہئیں جو بہتر پرفارم کرسکیں۔