'نواز شریف قاتل نہیں ہیں انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے'

'نواز شریف قاتل نہیں ہیں انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے'
کیپشن: ہماری ایسی تربیت نہیں ہوئی کہ شیخ رشید اور فواد چوہدری کی زبان میں جواب دیں، احسن اقبال۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: سینئر رہنما ن لیگ احسن اقبال نواز شریف کی عیادت کے لیے سرویز اسپتال پہنچے جہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہذب ممالک میں ایسا سلوک کسی دشمن کے ساتھ بھی نہیں کیا جاتا۔ نواز شریف کے علاج کے معاملے پر لاپرواہی قابل مذمت ہے اور نواز شریف قاتل نہیں ہیں انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ نواز شریف کے دل کا 2 بار آپریشن ہو چکا ہے جبکہ میاں صاحب جیل میں سخت گرمی اور سخت سردی برداشت کرتے رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ تین بار وزیراعظم رہنے والے کے ساتھ ایسے سلوک سے بیرونی دنیا میں کوئی اچھا پیغام نہیں جا رہا۔ پی ٹی آئی نے نفرت کو اس حد تک بڑھا دیا ہے کہ ہر مسئلے کو مذاق بنایا جا رہا ہے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ ماضی میں کلثوم نواز کے معاملے اور نواز شریف کے آپریشن کو بھی تحریک انصاف کی جانب سے مذاق بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھ پر قاتلانہ حملےکو پی ٹی آئی کی جانب سے مذاق بنایا گیا اور دائیں ہاتھ کی پٹی کو بائیں ہاتھ کی پٹی بنا دیا گیا۔ ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ نوازشریف کا جس ڈاکٹر نے علاج کیا ہے وہی ان کے علاج کے حوالے سے فیصلے کا حق رکھتا ہے۔

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال کہتے ہیں کہ ہماری ایسی تربیت نہیں ہوئی کہ شیخ رشید اور فواد چوہدری کی زبان میں جواب دیں۔