کس کی عمر زیادہ؟ سبزی خور یا گوشت خور کی

لمبی زندگی کا تعلق ہماری موروثی حیثیت اور ماحول دونوں سے ہے

کس کی عمر زیادہ؟ سبزی خور یا گوشت خور کی

لاہور :  لمبی زندگی کا تعلق ہماری موروثی حیثیت اور ماحول دونوں سے ہے۔ جڑواں بچوں پر ہونے والی تحقیق میں سائنسدانوں نے پایا کہ 30 فیصد سے زیادہ اثرات موروثی ہوتے ہیں، یعنی لمبی اور صحت مند زندگی گزارنے کا بڑا تعلق دیگر عوامل پر ہے۔ خوراک کے علاوہ چند ہی ایسے ماحولیاتی عوامل ہیں، جن پر جامع تحقیق کی گئی ہے۔ مثال کے طور پر حراروں کے استعمال کو محدود کرنا ایسا شعبہ ہے، جس پر تحقیق کی گئی ہے۔اب تک ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ حراروں کو محدود کرنا زندگی بڑھا سکتا ہے۔ کم از کم چوہے جیسے چھوٹے جانداروں پر اس کا تجربہ کیا گیا ہے، لیکن ہو سکتا ہے کہ انسانوں پر یہ چیز کام نہ کرے۔ ہم کتنا کھاتے ہیں، اس کے ساتھ ہم کیا کھاتے ہیں، یہ بھی تحقیق کا اہم موضوع ہے اور گوشت کا استعمال بھی بسا اوقات زیرغور آتا ہے۔

حقیق کے مطابق پانچ سال تک ایک لاکھ امریکیوں کا جائزہ لیا گیا اور پایا کہ گوشت خوروں کے مقابلے میں گوشت نہ کھانے والوں کے مرنے کا خدشہ کم ہوتا ہے، کم ازکم تحقیق کے دورانیے میں۔ یہ اثر خاص طور پر مردوں میں نمایاں تھی۔کئی جائزوں کو ملا کر کی گئی، تحقیق بھی ظاہر کرتی ہے کہ کم گوشت کی حامل خوراک کا مطلب زیادہ لمبی عمر ہے اور جو شخص جتنا زیادہ گوشت سے پاک خوراک کا حامل ہوتا ہے، اس کو اتنے فائدے ملتے ہیں گو کہ اس سے ہر تحقیق اتفاق نہیں کرتی۔ کچھ تحقیقات ایسی بھی ہیں جو گوشت خوروں اور سبزی خوروں کے درمیان طویل عمری میں کوئی فرق نہیں سمجھتیں البتہ یہ واضح ہے کہ گوشت سے پاک خوراک ٹائپ 2 ذیابیطس، بلند فشار خون یہاں تک کہ سرطان جیسے صحت کے مسائل کا خطرہ کم کر سکتی ہیں، تو کیا ہم اعتماد سے کہہ سکتے ہیں کہ گوشت سے پرہیز ہماری عمر بڑھا سکتا ہے؟ اس کا سادہ جواب ہے کہ ابھی یہ نہیں کہا جا سکتا۔پہلی چیز جو واضح ہے، وہ یہ ہے کہ جانوروں کے مقابلے میں انسان زیادہ جیتا ہے۔ اس لیے ایسی تحقیق کرنا جو طویل عمری پر اثر کو ظاہر کرے، بہت مشکل ہے۔

اس لیے سائنسدان صحت کے موجودہ ریکارڈز کو دیکھتے ہیں یا تحقیق کے لیے رضاکاروں کا سہارا لیتے ہیں جو مختصر دورانیے کا استعمال کرتے ہیں۔ شرح اموات کی پیمائش کرتے ہیں اور دیکھتے ہیں کہ اوسطاً کون سا گروپ پہلے موت کا شکار ہوتا ہے لیکن اس میں بھی ایک بڑا مسئلہ ہے کہ ایک تو گوشت کھانے اور جلدی موت میں رابطہ کو تلاش کرنا مشکل ہے کیونکہ ضروری نہیں کہ موت کا سبب گوشت کا استعمال ہی ہو۔اگر کوئی سبزی خور ہے، لیکن ورزش اس کا معمول ہے اور وہ تمباکو نوشی اور شراب نوشی سے پرہیز کرتا ہے، تو اس کے زیادہ جینے کے امکانات ویسے ہی زیادہ ہوں گے۔

اس لیے ہم کہہ سکتے ہیں کہ گوشت خور ہو یا سبزی خوری، طویل اور صحت مند زندگی کے بارے میں کسی ایک کے بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہا جا سکتا ہے۔