ہنگامی علاج کے لیے انشورنس کمپنی سے فوری منظوری ضروری نہیں ، ہیلتھ کونسل

ہنگامی علاج کے لیے انشورنس کمپنی سے فوری منظوری ضروری نہیں ، ہیلتھ کونسل

ریاض: کوآپریٹیو ہیلتھ انشورنس کونسل نے واضح کیا ہے کہ ہنگامی علاج ہیلتھ انشورنس کا اٹوٹ حصہ ہے۔ اس کے لئے متعلقہ کمپنی سے منظوری لینے کی کوئی ضرورت نہیں ہوتی البتہ علاج فراہم کرنے والا اسپتال یا ہیلتھ سنٹر مریض کی آمد کے 24گھنٹے کے اندر اندر انشورنس کمپنی کو مطلع کرنے کا پابند ہے۔

کونسل کے ترجمان یاسر المعارک نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ ہیلتھ انشورنس کرانے والے کے ذمہ صحت خدمات حاصل کرنے پر کوئی مالی ذمہ داری عائد نہیں ہوتی البتہ اس سے علاج کے خرچ کا وہ حصہ مستثنیٰ ہے جس پر انشورنس کرنے اور کرانے والے دونوں متفق ہوں۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ ہیلتھ انشورنس دستاویز کے بموجب مریض یا ماں بننے والی خواتین کو ہنگامی حالت میں مطلوبہ علاج کیلئے ایمبولینس سمیت کسی بھی متعلقہ وسیلے سے اسپتال یا ہیلتھ سنٹر منتقل کرنا علاج فراہم کرنے والے ادارے کا فرض ہے۔ یہ سب کچھ ہیلتھ انشورنس اسکیم میں شامل ہے۔

ہیلتھ دستاویز کے بموجب 5لاکھ ریال تک کا علاج انشورنس کرانے والے کا حق بنتا ہے۔ اس میں طبی معائنہ، مرض کی تشخیص، علاج، دوائیں، اسپتال میں قیام کے اخراجات ، دانتوں کے امراض کا علاج وغیرہ شامل ہے۔ یاسر المعارک نے انشورنس کرانے والوں سے کہا کہ وہ کوآپریٹیو ہیلتھ انشورنس قانون ،لائحہ عمل، مشترکہ دستاویز کا مطالعہ کریں۔ اپنے حقوق کی بابت معلومات جمع کریں۔ www.cchi.gov.saسے رجوع کر کے سوالات کے جواب حاصل کریں۔

شکایات بھی درج کرا سکتے ہیں۔ 920001177پر رابطہ کر کے شکایات درج کرا سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں ای میل اور فیس بک پر بھی رابطے کر سکتے ہیں۔