ایران میں ہونے والی حالیہ بغاوت کے بارے میں پاسدارنِ انقلاب کا بڑا دعویٰ سامنے آگیا

ایران میں ہونے والی حالیہ بغاوت کے بارے میں پاسدارنِ انقلاب کا بڑا دعویٰ سامنے آگیا

تہران:ایران کے پاسداران انقلاب کے سربراہ نے دعوی کیا ہے کہ ملک میں بغاوت کو شکست دے دی گئی ہے۔پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل محمد علی جعفری نے یہ اعلان اس وقت کیا جب حکومت مخالف مظاہروں کے خلاف حکومت کے حق میں ہزاروں افراد نے جلوس نکالے۔حکومت مخالف مظاہروں کا سلسلہ جمعرات سے جاری ہے جس کے دوران سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان ہونے والی چھڑپوں میں 21 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ 

ایران میں عوام کے گرتے ہوئے معیارِ زندگی اور کرپشن کے خلاف ہونے والے یہ احتجاج2009 میں اصلاحات کے حق میں ہونے والی ریلیوں کے بعد سب سے بڑا عوامی احتجاج ہے۔میجر جنرل جعفری نے اعلان میں کہا آج ہم کہہ سکتے ہیں کہ 96 کی بغاوت ختم کر دی گئی ہے ‘ان کا اشارہ فارسی کیلینڈر کی طرف تھا جس کے مطابق رواں سال 1396 ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی کی تیاری اور لوگوں کی نگہبانی کے باعث دشمنوںکی شکست ہوئی اور تین صوبوں میں پاسداران انقلاب کے دستوں نے محدود پیمانے پر کارروائیاں کیں۔ 

مظاہرے ہونے والی ہر جگہ پر 1500 افراد تھے اور ملک بھر میں مظاہرے کرنے والوں کی تعداد 15 ہزار سے زیادہ نہیں تھی۔میجر جنرل جعفری نے انقلاب مخالف ایجنٹوں، بادشاہت پسند قوتوں پر الزام عائد کیا۔انہوں نے کہا کہ دشمنوں نے ایران میں ثقافتی، معاشی اور سکیورٹی خدشات پیدا کرنے کی کوشش کی۔دوسری جانب ایران کے رہبراعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ملک کے دشمن اس احتجاج کو ہوا دے رہے ہیں اورحالیہ دنوں میں ایران کے دشمنوں نے رقم، ہتھیار، سیاست اور خفیہ اداروں سمیت مختلف ہتھکنڈوں کو ایران میں حالات خراب کرنے کے لیے استعمال کیا ہے۔