کشکول اور مانگے تانگے کی زندگی میں عزت نہیں ملتی:شہباز شریف

 کشکول اور مانگے تانگے کی زندگی میں عزت نہیں ملتی:شہباز شریف

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ روکھی سوکھی کھالیں گے، کشکول اور مانگے تانگے کی زندگی میں عزت نہیں ملتی، اسٹیک ہولڈرز مل کر مشاورت سے فیصلہ کریں اور ایسی امداد سے توبہ کرلیں، اس سے چھٹکارا حاصل کرلیں جس پر صبح شام طعنہ زنی ہو، اس چیز کا سامنا کرنا آسان نہیں، ہمیں شرمندہ کیا جائے ہماری بے توقیری کی جائے۔

سیف سٹی پراجیکٹ  کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس سے بڑا اور کوئی لمحہ نہیں آیا جب اتنی دیدہ دلیری سے آپ کے وقار کا تیا پانچا کیا گیا، قصور ہمارا اپنا ہے، 33 ارب ڈالر کی طرح بھیک کے پیچھے رہے، اس کے اوپر اپنی عزت کا سودا کرتے رہے لیکن آج بھی ہوش کے ناخن لیں، ہمیں امریکا یا کسی اور ملک سے کوئی لڑائی نہیں لڑنی، امریکا بہت بڑی طاقت ہے، ہمیں عزت و وقار کے ساتھ مشاورت کے ساتھ فیصلہ کرنا چاہیے، امریکا سے کہیں آپ سے عزت کے ساتھ معاملات کریں گے، آپ کے پیسے، امداد اور قرض نہیں چاہیے۔

شہبازشریف نے مزید کہا کہ فیصلہ اشرافیہ نے کرنا ہے، عوام نے کبھی پاؤنڈز اور ڈالرز نہیں دیکھے، عوام محنت کرکے خون پسینہ گراکر مشکل سے رزق حلال کماتے ہیں، ہمیں سوچ سمجھ کر قوت ارادی کے ساتھ جواب دینا ہوگا، امریکا سے کہیں آپ نے جو پیسے لیے اس کا حساب لیں۔