امریکہ نے پاکستان سے متعلق حقائق کو نظر انداز کیا : خواجہ آصف

امریکہ نے پاکستان سے متعلق حقائق کو نظر انداز کیا : خواجہ آصف


اسلام آباد:وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ امریکی انتظامیہ نے پاکستان سے متعلق حقائق کونظراندازکیا،اپنے وقارپرکوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے،4سال سے دہائیوں کا ملبہ صاف کررہے ہیں،امریکی صدرکے بیان پرسیاسی اورعسکری قیادت ایک پیج پرہے، افغانستان کی جنگ پاکستان میں کسی صورت نہیں لڑ سکتے، 33 ارب ڈالر امداد کا امریکی دعوی بے بنیاد ہے۔


پارلیمنٹ ہائوس میں قومی سلامتی سے متعلق پارلیمنٹ کی مشترکہ قومی سلامتی کمیٹی کاان کیمرااجلاس میں وزیر خارجہ خواجہ آصف نے شرکا کو کابینہ اور قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا اور بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ امریکی صدر کے بیان پر سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہے، امریکا نے پاکستان سے متعلق حقائق کو نظر انداز کیا۔ افغانستان میں اپنی ناکامی کا ملبہ امریکا ہم پر نہ ڈالے، ہم اپنے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، چار سال سے دہائیوں کا ملبہ صاف کر رہے ہیں۔


خواجہ آصف نے کہا افغانستان کی جنگ پاکستان میں کسی صورت نہیں لڑ سکتے، 33 ارب ڈالر امداد کا امریکی دعوی بے بنیاد ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے بھی شرکاء کو بریفنگ دی ۔ذرائع کے مطابق ارکان کو قومی سلامتی کمیٹی کے منگل کو ہونے والے اجلاس کے فیصلوں پر اعتماد میں لیا گیا جبکہ سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرزکی سفارشات وفاقی حکومت کو پیش کی گئیں ۔