پاکستانیوں کا جذبہ کسی سپر پاور سے کم نہیں : فاروق ستار

پاکستانیوں کا جذبہ کسی سپر پاور سے کم نہیں : فاروق ستار


اسلام آباد:متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے تاہم ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاکستانیوں کا جذبہ کسی سپر پاور سے کم نہیں۔


پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ہمیں اپنی جانب سے کسی سے دشمنی لینے کی ضرورت نہیں بلکہ ایک قومی ایجنڈا واضح کرنے کی ضرورت ہے۔ہمیں جن چیلنجز کا سامنا ہے ٗ ان سے نمٹنے کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد اور معیشت کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عمل کرنے اور معیشت کو مضبوط کرنے سے وقتی فائدہ حاصل نہیں ہوگا بلکہ اس سے طویل مدتی اچھی پالیسی ترتیب دی جاسکے گی، جس سے ایک مضبوط اور مستحکم پاکستانی قوم کا تصور اجاگر ہوگا۔


پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ اجلاس میں چیلنجز سے نمٹنے کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا ٗاجلاس میں یہ بھی بات ہوئی کہ اگر پاکستان کی خودمختاری پر کوئی دراندازی کی جاتی ہے تو اس سے کس طرح نمٹا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت بہترین سفارت کاری کا تقاضہ یہ ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کو سفارت کاری کا کام دیا جائے، وہ ہمارا بہترین اثاثہ ہیں، انہوں نے کہا کہ بھارت بھی اپنے بیرون ممالک رہنے والے شہریوں کو استعمال کرتا ہے۔