کویت کا قطر کے ساتھ فیفا فٹ بال عالمی کپ کی میزبانی میں شراکت سے انکار

کویت کا قطر کے ساتھ فیفا فٹ بال عالمی کپ کی میزبانی میں شراکت سے انکار
کیپشن: شراب کی کویت میں خرید و فروخت ممنوع ہے اور شراب نوشی ایک قابلِ سزا جرم ہے، شیخ احمد الیوسف۔۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

کویت سٹی: کویت کی فٹ بال ایسوسی ایشن کے سربراہ شیخ احمد الیوسف نے کہا ہے کہ ان کا ملک قطر کے ساتھ 2022ء میں ہونے والے فیفا عالمی کپ فٹ بال ٹورنا منٹ کے بعض میچوں کی میزبانی کی شرائط کو پورا نہیں کرسکتا ہے۔ اس لیے وہ ان میچوں کا میزبان بھی نہیں بننا چاہتا ہے۔

انھوں نے کویتی روزنامے الرائی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کویت میں فیفا کی طے شدہ شرائط کو پورا کرنا مشکل ہے۔ ان میں ایک بڑی شرط میچ دیکھنے کے لیے آنے والے اسرائیل سمیت تمام ممالک کے شہریوں کو ویزے پر ملک میں داخلے کی اجازت دینا ہے۔

انھوں نے کہا کہ  اگر ہم بعض ٹیموں کا کویت میں میچ کھیلنے کے لیے انتخاب کر بھی لیتے ہیں تو پھر ہم دوسرے ممالک کے شائقین کو میچ دیکھنے کے لیے آنے سے نہیں روک سکتے۔ شراب کے مختلف برانڈ بھی فیفا عالمی کپ کو اسپانسر کر رہے ہیں ۔ وہ میچوں کے دوران میں اپنی مصنوعات کو فروخت اور فروغ دینا چاہیں گے لیکن شراب کی کویت میں خرید و فروخت ممنوع ہے اور شراب نوشی ایک قابلِ سزا جرم ہے۔ اس لیے ہم اس مسئلے کو کیسے حل کریں گے۔

احمد یوسف کا کہنا تھا کہ عالمی کپ کی میزبانی یا میزبانی میں شراکت ایک ایسی چیز ہے جس کے کویت سمیت تمام ممالک خواہاں ہیں لیکن اس میں کچھ رکاوٹیں حائل ہیں اور کوئی بھی اسپورٹس فیڈریشن انھیں کنٹرول نہیں کر سکتی۔