پاکستان میں عالمی وبا سے مزید 39 مریض جاں بحق، تعداد 10 ہزار 350 ہو گئی

The global epidemic in Pakistan has killed 39 more patients, bringing the number to 10,350
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان میں عالمی وبا کے وار جاری ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 39 مریضوں کے انتقال کے بعد اس مرض سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار 350 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری ڈیٹا کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں 30 ہزار 139 ٹیسٹ کیے گئے۔ ایک ہزار 895 نئے کیسز سامنے آئے۔ کیسز میں حالیہ اضافے کے بعد ملک میں مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 88 ہزار 529 ہو گئی ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق گو کہ عالمی وبا کے کیسز اور اموات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے تاہم دوسری جانب اس مہلک مرض سے شفایاب ہونے والوں کی تعداد بھی خاطر خواہ بڑھ رہی ہے۔ صوبہ سندھ کے ایک لاکھ ستانوے ہزار چار سو تیس شہری اس سے چھٹکارا پا چکے ہیں۔

ملک کے دیگر علاقوں کی بات کی جائے تو صوبہ پنجاب میں 1 لاکھ 25 ہزار 129، خیبر پختونخوا میں 54 ہزار 519، اسلام آباد میں 35 ہزار 90، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 716، بلوچستان میں 17 ہزار 812 اور آزاد کشمیر میں 7 ہزار 758 شہری اس مرض کو شکست دے چکے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق عالمی وبا سے سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب اور دوسسرے نمبر پر صوبہ سندھ میں ریکارڈ ہوئی ہیں۔ صوبہ سندھ میں اب تک 3 ہزار 611 جبکہ پنجاب میں 4 ہزار 124 شہری اس مرض میں مبتلا ہو کر موت کی وادی میں جا چکے ہیں۔

اس کے علاوہ خیبر پختونخوا میں 1 ہزار 675، اسلام آباد میں 428، گلگت بلتستان میں 101، بلوچستان میں 185 اور آزاد کشمیر میں 226 شہری عالمی وبا کی وجہ سے جاں بحق ہوئے۔ ملک بھر سے حاصل کئے گئے ڈیٹا کے مطابق اس وقت 4 لاکھ 88 ہزار 529 کنفرم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد 35 ہزار 722 ہے۔