حکومت سے کوئی شکوہ نہیں، تحریک انصاف 5 سال پورے کرے گی، پرویز الہیٰ

حکومت سے کوئی شکوہ نہیں، تحریک انصاف 5 سال پورے کرے گی، پرویز الہیٰ
کیپشن: حکومت سے کوئی شکوہ نہیں، تحریک انصاف 5 سال پورے کرے گی، پرویز الہیٰ
سورس: فائل فوٹو

لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے تحریک انصاف کی حکومت کی پانچ سالہ مدت پوری ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا انہیں حکومت سے کوئی شکوہ نہیں ہے اور اپوزیشن سے مذاکرات کرنے کے حوالے سے معاملات تحریک انصاف خود ہی دیکھے گی۔ چودھری پرویز الہیٰ نے یہ بات پنجاب کے گورنر چودھری سرور سے ملاقات کے دوران کی۔ ملاقات کے دونوں رہنماوں نے ملک کے سیاسی معاملات پر تفصیلی بات چیت کی ہے۔

ملاقات کے بعد جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تحریک انصاف کی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی جبکہ بات چیت اور تمام معاملات ان کے دائرہ کار میں رہیں گے اور جو کچھ بھی ہو گا وفاقی سطح پر ہی ہو گا۔ ان کا مزید کہنا تھا مسلم لیگ (ق) کا حکومت سے کوئی شکوہ نہیں اور وزیراعظم عمران خان گھر آ گئے تھے تو سب تحفظات دور ہو گئے تھے۔

اس موقع پر گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ کوئی بھی دما دم مست قلندر نہیں ہو گا اور جلسے جلوس جمہوریت کا حُسن ہے اور اگر اپوزیشن جلسے نہیں کرے گی تو پھر وہ کیسے زندہ رہے گی۔ اپوزیشن سینیٹ اور ضمنی الیکشن میں بھی حصہ لے رہی ہے۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں متحد ہو کر فیصلے کیے تو ان میں صف ماتم بچھ گئی اور ان کو لگ رہا تھا کہ اس اجلاس کے بعد حکومت نے سوچا پی ڈی ایم ٹوٹ جائے گی لیکن پی ڈی ایم قومی تحریک ہے اور اس پلیٹ فارم پر سب متحد ہیں۔ ووٹ چوری کر کے حکومتیں نہیں چلا کرتیں اب اس ناجائز حکومت کے جانے کا وقت آ گیا ہے اور کٹھ پتلی تم بیساکھی پر چلنے والے ہو اور تمہیں چلنا بھی نہیں آیا۔

پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا یہ ملک کسی کی جاگیر نہیں ہے اور ہمارا ایک موقف ہے کہ حکومت کو جانا ہو گا اور دوبارہ الیکشن ہو گا جبکہ حکمت عملی میں تبدیلیاں کرتے رہیں گے۔