قاسم سلیمانی کا قتل ،ایران نے امریکہ کو آخری الٹی میٹم دیدیا

qasem soleimani and us forces

تہران: ایران نے دھمکی دی ہے کہ اگر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا مقدمہ نہیں چلایا گیا تو وہ اپنے جنرل کے قتل کا بدلہ لے گا۔

ایرانی خبررساں ادارے’’ارنا‘‘کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی  نے کہا کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ اور سابق وزیر خارجہ مائیک پومپیو پر جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے مجرمانہ فعل کے لیے عدالت میں منصفانہ مقدمہ نہیں چلایا گیا تو مسلمان اپنے شہید کا بدلہ لیں گے۔اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے بھی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ سلیمانی کے قتل کا ذمہ دار امریکا اور اسرائیل کو ٹھہرائے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی امن اور سلامتی پر اس دہشت گردانہ کارروائی کے سنگین مضمرات کے پیش نظر سلامتی کونسل کو اپنی چارٹر پر مبنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور اسرائیلی حکومت کو دہشت گردی کی اس کارروائی کی منصوبہ بندی، حمایت اور ارتکاب کے لیے جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔

خیال رہے کہ اسرائیل کی خفیہ ایجنسی کے سابق سربراہ نے جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت میں تل ابیب کے ملوث ہونے کی تصدیق کی تھی۔واضح رہے کہ جنوری 2020 میں عراق کے دارالحکومت بغداد کے ایئرپورٹ پر امریکا کی جانب سے راکٹ حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

مصنف کے بارے میں