پاناما جے آئی ٹی کی ٹیم قطر بھیجنے پر پیپلز پارٹی کو اعتراض

پاناما جے آئی ٹی کی ٹیم قطر بھیجنے پر پیپلز پارٹی کو اعتراض

لاہور: پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم اپنے ہر کارکن کے پیچھے اور ساتھ کھڑے ہیں اور گلو بٹ سیاست کے ذریعے لوگوں کو دبایا جا رہا ہے کیونکہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں لیکن ہم یہ نہیں ہونے دیں گے۔ ابھی ان واقعات کی مذمت کر رہے ہیں ایسا نہ ہو کہ ہمیں مزاحمت کرنی پڑے۔ انہوں نے کہا سیاست کرنی ہے تو ضرور کریں اداروں کو تو استعمال کرنا بند کریں اور اگر حالات خراب ہوئے تو حکومت ذمہ دار ہو گی۔

قمر زمان کائرہ  نےوزیراعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا میاں صاحب سیاست کرنی ہے تو خود سامنے آئیں جبکہ دیگر لوگوں کو آگے لاکرہمارے ساتھ سیاست نہ کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا ابھی تو ابتدا ہے اور احتسابی عمل شروع ہوا تو بہت کچھ نکلے گا۔ جے آئی ٹی میں جن سے سوالات کیے جا رہے ہیں ان کے چہرے پر گھبراہٹ تو فطری ہے اور جو ان کے چہرے پر عیاں ہے۔ 

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا جے آئی ٹی کے سوالات پر باتیں کرنا قبل از وقت ہے اور ملکی قانون کسی شہزادے کے پاس بیان ریکارڈ کرانے کیلئے جانے کی اجازت نہیں دیتا اور ہم جے آئی ٹی کی ٹیم قطر بھیجنے پر اعتراض کرتے ہیں کیونکہ کسی غیر آئینی و قانونی عمل کی پہلے حمایت کی نہ اب کریں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں