جو غیر ملکی ٹیم پاکستان نہیں آنا چاہتی تو اس کی منت نہ کریں، وزیراعظم

جو غیر ملکی ٹیم پاکستان نہیں آنا چاہتی تو اس کی منت نہ کریں، وزیراعظم

اسلام آباد:  چیمپئنز ٹرافی میں تاریخی جیت پر قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے وزیراعظم ہاؤس میں استقبالیہ دیا گیا۔وزیراعظم نواز شریف نے تقریب سے خطاب میں  کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا اصل وزیراعظم آپ لوگ اور قوم کے ہیرو ہیں کیونکہ ہم تو ٹائٹل کے وزیراعظم ہیں۔ اس کے علاوہ میری بھی خواہش تھی کہ قومی ہیروز سے ملوں اور ہاتھ ملاؤں۔ 

انہوں نے کہا سربراہان کے میچ میں سب سے زیادہ 36رنز میں نے بنائے اور ناٹ آوٹ تھا لیکن یہ یاد نہیں کہ میں نے کتنے چھکے مارے لیکن چوکے بہت مارے تھے۔ بچپن سے باؤنسر جب بھی آتا مجھ سے برداشت نہیں ہوتا تھا لیکن میچ کھیلنے کا اتنا شوق ہوتا تھا کہ رات کو نیند نہیں آتی تھی۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا پاناما لیکس سے اتنی تکلیف نہیں ہوئی جتنی ریلوے کے کرکٹ گراونڈ سے نکالنے پر ہوئی تھی۔انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا عالمی کرکٹرز پاکستان آتے ہیں خوشی سے ضرور آئیں لیکن کسی کی منت نہ کریں۔

چیئرمین پی سی بی کا خطاب

شہریار خان نے قومی ٹیم کے اعزاز میں دی جانے والی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا بھارت ہم سے ڈرتا ہے اس لئے کرکٹ نہیں کھیلتا کیونکہ ہم بھارت کو چیلنج کرتے ہیں کہ آئیں اور کھیلیں۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا آپ دیکھیں گے یہاں انٹرنیشنل ٹیمیں آئیں گی جس کے لئے ہم سری لنکا اور بنگلا دیش سے بات کر رہے ہیں کہ پاکستان آ کر کھیلیں۔

ان کا مزید کہنا تھا متحد ہوکر کھیلنے سے ہماری ٹیم جیتی اور کرکٹ ٹیم کی کامیابی سے پوری قوم خوش ہو گئی اب جیت کے بعد دنیا کی ٹیمیں ہم سے کھیلنا چاہتی ہیں۔

اس دوران شہریار خان نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو ون ڈے اور ٹی 20 کےبعد ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا کپتان بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ان کی قیادت میں پاکستان کی ٹیم نے چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کیا اور امید ہے وہ ٹیسٹ کی قیادت بھی اچھے انداز میں کریں گے۔

نجم سیھٹی کی گفتگو

استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نجم سیھٹی نے کہا بہت سے ایسے مواقعے آئے کہ میں مایوس ہوتا رہا اور وزیراعظم نے کہا انٹرنیشنل کرکٹ کو واپس لیکر آئیں ہم اس میں کافی حد تک کامیاب رہے اور اللہ کے شکر سے پی ایس ایل نے اچھا تاثر دیا کہ ہم پر امن لوگ ہیں۔

انہوں نے کہا راستہ ابھی مشکل ہے لیکن ہمیں اسے ہر حال میں طے کرنا ہے جس کے لئے تمام لوگوں کو محنت اور کردار ادا کرنا ہو گا۔ نجم سیھٹی نے اپنے خطاب میں مزید کہا ستمبر میں ورلڈ الیون کی ٹیم پاکستان آئے گی جبکہ سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی انشااللہ پاکستان کے اسٹیڈیم ایک بار پھر بھریں گے۔

اس موقع پر شعیب ملک نے بات کرتے ہوئے کہا سارا کریڈٹ سلیکشن کمیٹی کو جاتا ہےجس نے اتنی اچھی ٹیم سلیکٹ کی۔ پہلا میچ بھارت سے ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ میں واپس آنا آسان نہیں تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا 2019 کا ورلڈ کپ کھیلنا چاہتا ہوں لیکن جس طرح تنقید ہو رہی ہے مشکل لگ رہا ہے۔

اظہر علی نے کہا پورا ٹورنامنٹ کھیلنے کا بہت مزا آیا اور پہلے میچ کے بعد مایوس ضرور تھے لیکن وہاں سے کھلاڑیوں نے اڑان بھری۔  آئی سی سی چیمپینز ٹرافی میں سرفراز نے پاکستانی ٹیم کو اچھے انداز میں لیڈ کیا۔ ان کا مزید کہناتھا  بھارت کے خلاف ہارنے کے بعد بہت مایوسی تھی کیونکہ ہم اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیلے ہی نہیں تاہم مکی آرتھر نے اس موقع پر میٹنگ کال کر کے ہمیں حوصلہ دیا اور کہا دو میچز ہیں ہم ٹورنامنٹ ہارے نہیں۔

وزیراعظم ہاؤس آمد پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ استقبالیہ میں وفاقی وزرا، چیئرمین پی سی بی اور دیگر حکام شریک ہوئے۔ تقریب کے دوران گلوکار شفقت امانت نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔

چیمپئنز ٹرافی کے فاتح قومی ہیروز پر انعامات کی برسات ہو ئی اور ہر کھلاڑی کو ایک، ایک کروڑ، مکی آرتھر اور 4 معاون کوچز کو 50، 50 لاکھ، دیگر آفیشلز کو 25، 25 لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا۔

 

یاد رہے پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو ہرا کر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔ وزیراعظم نواز شریف نے چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر قومی ٹیم کے ہر کھلاڑی کیلیے ایک ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا تھا جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو عمرہ کروانے کا اعلان کیا تھا۔

چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے بھی انعام کے طور پر کھلاڑیوں کو 10، 10 لاکھ روپے بونس دینے کا اعلان کیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں