وزیر اعظم نے قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کو "خود ستائی" کا ذریعہ بنا دیا، فواد چوہدری

وزیر اعظم نے قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کو

اسلام آباد: خود ستائی اور خود نمائی کی بھی کوئی حد ہوتی ہے۔وزیر اعظم نے قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کو "خود ستائی" کا ذریعہ بنا دیا۔یہ بات ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے وزیر اعظم کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ حقیقی ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کی بجائے وزیر اعظم نے کروڑوں روپے اپنی تعریف پر ضائع کردیے ہیں۔ وزیر اعظم کو چوکے اور چھکے مارتے تو کسی نے نہیں دیکھا آج جے آئی ٹی کے ہاتھوں باؤنڈری پہ کیچ آؤٹ ہوتے پوری قوم دیکھ رہی ہے۔نواز الیون کے بیشتر کھلاڑی بھی ایک ایک کرکے جے آئی ٹی کے ہاتھوں کلین بولڈ ہورہے ہیں۔ فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کو اپنا ایمپائر سمجھنے پر وزیر اعظم نے مٹھائیاں بھی بہت بانٹیںتھیں۔اب جبکہ جے آئی ٹی اپنی تحقیقات کے آخری مراحل میں ہے تو وزیر اعظم سے کہیں گے "نو ایشو لے لے ٹشو":

یاد رہے کہ   چیمپئنز ٹرافی میں تاریخی جیت پر قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے وزیراعظم ہاؤس میں استقبالیہ دیا گیا۔وزیراعظم نواز شریف نے تقریب سے خطاب میں کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سربراہان کے میچ میں سب سے زیادہ 36رنز میں نے بنائے اور ناٹ آوٹ تھا لیکن یہ یاد نہیں کہ میں نے کتنے چھکے مارے لیکن چوکے بہت مارے تھے۔ بچپن سے باؤنسر جب بھی آتا مجھ سے برداشت نہیں ہوتا تھا لیکن میچ کھیلنے کا اتنا شوق ہوتا تھا کہ رات کو نیند نہیں آتی تھی۔وزیراعظم نواز شریف نے کہا پاناما لیکس سے اتنی تکلیف نہیں ہوئی جتنی ریلوے کے کرکٹ گراونڈ سے نکالنے پر ہوئی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں