پاکستان واپسی سے متعلق جلد فیصلہ کر لیا جائے گا، نواز شریف

پاکستان واپسی سے متعلق جلد فیصلہ کر لیا جائے گا، نواز شریف
کیپشن: فوٹو: فائل

لندن : سابق وزیر اعظم نواز شریف نے احتساب عدالت کی 6 جولائی کے سماعت سے قبل پاکستان واپسی سے متعلق اپنا فیصلہ سنا دیا،


تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ احتساب عدالت میں اپنے اور خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس میں فیصلہ محفوظ کئے جانے کے بارے میں تفصیلات حاصل کر رہے ہیں، پاکستان واپسی سے متعلق جلد فیصلہ کر لیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات منگل کو یہاں لندن میں ہارلے سٹریٹ کلینک آمد پر صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہی۔

انہوں نے کہا کہ بغیر جواز کوئی بات کرنا میری فطرت میں نہیں، آج بھی اسی جگہ کھڑا ہوں جہاں پہلے روز کھڑا تھا، صاف اور حقائق پر بات کرتا ہوں اور ہونی بھی چاہیے۔ نواز شریف نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کی کئی مثالیں سامنے آ رہی ہیں، من پسند نتائج کے حصول سے بہتری نہیں آئے گی۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ،ان کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن(ر) محمد صفدرکے خلاف دائر ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے جیسے 6جولائی کو سنایا جائے گا۔ احتساب عدالت نے مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا ہے۔احتساب عدالت نے تقریباً ساڑھے 9 ماہ کیس کی سماعت کی، سابق وزیر اعظم کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز کو ایون فیلڈ ریفرنس میں اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے۔