'کوئی نثار گروپ نہیں بننے جا رہا، فیصلے کے بعد اختلافات قوم کے سامنے رکھوں گا'

'کوئی نثار گروپ نہیں بننے جا رہا، فیصلے کے بعد اختلافات قوم کے سامنے رکھوں گا'
کیپشن: پاکستان کو ریگستان بنانے کے منصوبے بنائے جا رہے، نثار۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

ٹیکسلا: سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے کے بعد وہ اپنے اور ان کے اختلافات قوم کے سامنے رکھیں گے۔ ٹیکسلا میں میڈیا سے گفتگو میں چوہدری نثار نے کہا پرسوں فیصلہ ہو جائے پھر سب کچھ بتاؤں گا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کو ایک مرتبہ پھر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ اداروں سے تصادم نہ کرنے کے بیان پر میاں صاحب کو دکھ ہوا کیا میں نے غلط کہا؟۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ میں بہت خوفناک باتیں ہوتی رہیں اور میں ردعمل دینا چاہتا تھا لیکن مجھے اجلاسوں میں بلانا بند کر دیا گیا اس لیے میرا موقف سامنے نہیں آ سکا۔

مزید پڑھیں: ختم نبوت ترمیم کا معاملہ، ظفرالحق کمیٹی کی رپورٹ پبلک کرنے کا حکم

وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نواز شریف کو مشورہ دیا تھا کہ سپریم کورٹ پر زیادہ بوجھ نہ ڈالیں جبکہ جیپ کے نشان پر رہی سہی کسر لندن میں دیے گئے بیان نے نکال دی۔ میں تو سیاسی مخالفین کو بھی گدھا نہیں کہہ سکتا اور میں نے تو کسی چھوٹے کو بھی اوئے نہیں کہا۔

انہوں نے بتایا کوئی نثار گروپ نہیں بننے جا رہا جبکہ مریم نواز بولتی پہلے ہیں لیکن سوچتی بعد میں ہیں۔ پاکستان کو ریگستان بنانے کے منصوبے بنائے جا رہے ہیں اور جن کو ہم دوست سمجھ رہے ہیں وہ بھی ان سازشوں کا حصہ ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں: نیب نے لیاقت جتوئی کے خلاف ریفرنس تیار کر لیا

سابق وزیرِ داخلہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ابھی پاکستان کو ترقی کے مزید مراحل طے کرنے ہیں اور اس کے لیے ابھی بہت کام کرنا ہے۔

اپنی نشست پر دوسرے لیگی امیدوار قمرالاسلام کی گرفتاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ انہوں نے سب سے پہلے اس گرفتاری کی مذمت کی تھی۔ اپنی انتخابی مہم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ اس مرتبہ 4 نشستوں سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز احتساب عدالت نے نواز شریف کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو 6 جولائی بروز جمعہ سنایا جائے گا۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں