عالمی مالیاتی ادارے کا فنڈ بجٹ سپورٹ کیلئے ہو گا، حفیظ شیخ

عالمی مالیاتی ادارے کا فنڈ بجٹ سپورٹ کیلئے ہو گا، حفیظ شیخ
کیپشن: ایشیائی ترقیاتی بینک 3.2 ارب ڈالر اضافی پاکستان کو دینے کا سوچ رہا ہے، حفیظ شیخ۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

اسلام آباد: پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف بورڈ کے کسی رکن نے پیکج کی مخالفت نہیں کی اور عالمی مالیاتی ادارے کا فنڈ بجٹ سپورٹ کیلئے ہو گا جس سے ملکی معیشت میں استحکام آئے گا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک سے 3.2 ارب ڈالر اضافی ملنے کا امکان ہے۔

شیخ کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت مشکل صورتحال میں ہے اور آئی ایم ایف نے 6 ارب ڈالر پیکج کی منظوری دی ہے۔ ہر سال 2 بلین ڈالرز ملیں گے جس سے سرمایہ کاروں کا پاکستانی معیشت پر اعتماد بڑھے گا۔ آئی ایم ایف سے لیے گئے قرض کی واپسی 10 سال تک ہو سکتی ہے جبکہ مارک اپ فارمولہ بدلتا رہے گا۔

انھوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک 3.2 ارب ڈالر اضافی پاکستان کو دینے کا سوچ رہا ہے اور 31 ہزار ارب کا قرض اس حکومت کو ورثے میں ملا۔ قرضہ واپس کرنے کیلئے کئی فیصلے کیے گئے ہیں جبکہ چین، قطر اور یو اے ای سے ڈپازٹس حاصل کیے ہیں۔

مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ایمنسٹی اسکیم میں ایک لاکھ 37 ہزار افراد رجسٹرڈ ہوئے اور اسکیم میں 3 ہزار ارب روپے کے اثاثے ظاہر کیے گئے۔ ایف بی آر کے نظام کو درست کریں گے۔