ٹی 20 ورلڈکپ رواں سال شیڈول کے مطابق ہونا چاہیے، بابر اعظم

ٹی 20 ورلڈکپ رواں سال شیڈول کے مطابق ہونا چاہیے، بابر اعظم

وورسٹر :پاکستان ون ڈے اور ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ رواں سال شیڈول کے مطابق ہونا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی20 ورلڈ کپ 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک آسٹریلیا میں شیڈول ہے تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے میگا ایونٹ کو ملتوی کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایونٹ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ ہو چکا ہے بس باضابطہ اعلان ہونا باقی ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے کرکٹ بورڈز کے سربراہان بھی ٹی 20 ورلڈ کپ کے بارے میں کہہ چکے ہیں کہ رواں برس شاید کوئی بھی آئی سی سی کا ایونٹ ممکن نہ ہوسکے۔

پاکستان کے ون ڈے اور ٹی 20 ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایک انٹرویومیں کہاکہ میرے خیال میں ٹی 20 ورلڈ کپ اسی برس شیڈول کے مطابق ہونا چاہیے۔

بحیثیت کھلاڑی اور کپتان یہ میرا پہلا ورلڈ کپ ہے تو میں چاہوں گا کہ یہ ٹورنامنٹ ہو تاہم اس کے حوالے سے فیصلہ آئی سی سی نے کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ دیکھتے ہیں کہ آئی سی سی کیا فیصلہ کرتی ہے جو بھی فیصلہ ہو گا ہمیں اس کے مطابق چلنا ہے۔