اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کا کام روک دیا گیا

اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کا کام روک دیا گیا
کیپشن: نقشے کی منظوری کے بغیر عمارت نہیں بنائی جا سکتی، ترجمان سی ڈی اے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: اسلام آباد میں ہندو مندر کی تعمیر کا کام کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے روک دیا گیا۔ترجمان سی ڈی اے نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے نے مندر کا کام رکوا دیا ہے کیوں کہ مندر بغیر نقشے کے بنایا جا رہا تھا۔

ترجمان سی ڈی اے کے مطابق اسلام  آباد کے ماسٹر  پلان کے مطابق نقشےکی منظوری کے بغیر عمارت نہیں بنائی جاسکتی۔ ترجمان کے مطابق متعلقہ افراد کو مندر کے نقشے کی منظوری کا کہا ہے۔

خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ مندر کی تعمیر کے لیے سرکاری زمین اور فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ وزارت مذہبی امور یہ بات واضح کرچکی ہے کہ وہ مذہبی اقلیتوں کی پہلے سے موجود عبادت گاہوں کی مرمت و تزئین و آرائش میں معاونت کرتی ہے، نئی عبادت گاہیں تعمیر نہیں کرتی۔

معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی اور حکومت کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان بھی سرکاری خرچ پر مندر کی تعمیر کی مخالفت کر چکے ہیں۔