قومی بچت کی سکیمیں، منافع پر ٹیکس کی شرح بڑھا کر 15 فیصد کر دی گئی  

In national savings schemes, the tax rate on profits has been increased to 15%
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے قومی بچت کی سکیموں کے منافع پر ٹیکس کی شرح بڑھا کر 15 فیصد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ایف بی آر کے مطابق یہ فیصلہ یکم جولائی 2021ء سے نافذ العمل کر دیا گیا ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ جو شہری فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست میں شامل ہیں، ان پر 15 فیصد ٹیکس کا اطلاق ہوگا۔ تاہم جو لوگ اس فہرست میں شامل نہیں، ان کیلئے ٹیکس کی شرح 30 فیصد رکھی گئی ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرتے ہوئے پانچ فیصد ٹیکس جمع کروانا ہوگا۔ اس وقت قومی بچت کی سکیموں پر ٹیکس کی شرح 10 فیصد ہے۔

خیال رہے کہ حکومت متعدد سیونگز سکیمز جن میں شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹس، شہدا فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ، پینشنر بینیفٹ اکاؤنٹس، سپیشل سیونگز سرٹیفکیٹ، پینشنر بینیفٹ اکاؤنٹس، انکم سرٹیفکیٹس، بہبود سیونگ سرٹیفکیٹس اور ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹ شامل ہیں پر بلند شرح منافع فراہم کرتی ہے۔

گزشتہ مہینے جون میں پینشنرز بینیفٹ اکاؤنٹس اور شہدا فیملی ویلفیئر اکاؤنٹس کی شرح منافع گیارہ اعشاریہ باون فیصد سے کم کر کے گیارہ اعشاریہ چار فیصد کر دی گئی تھی۔ جبکہ بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس کے شرح منافع کو گیارہ اعشاریہ باون فیصد سے کم کر کے گیارہ اعشاریہ اٹھائیس فیصد کر دیا گیا تھا۔