قیام پاکستان کے بعد کسی وزیر اعلیٰ نے یہ کام نہیں کیا، جو میں‌ نے کیا، بزدار کا دعویٰ

قیام پاکستان کے بعد کسی وزیر اعلیٰ نے یہ کام نہیں کیا، جو میں‌ نے کیا، بزدار کا دعویٰ
سورس: file photo

لاہوروزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دعویٰ کیا ہے کہ قیام پاکستان کے بعد سے اب تک کسی وزیراعلیٰ نے یہ کام نہیں کیا جو میں نے کیا ہے ۔ 
 ان کا کہنا تھا کہ  ملکی تاریخ میں پہلی بار  کسی وزیر اعلیٰ نے 10 سے زائد جیلوں کا دورہ کر کے مسائل حل کیے، قیام پاکستان کے بعد سے اب تک کسی وزیراعلیٰ نے جیل کے اتنے دورے نہیں کئے ہوں گے ۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب سے صوبائی وزیر  برائے جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان سے ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورت حال اور محکمے کی کارکردگی پر بات چیت کی گئی۔

صوبائی وزیر نے عثمان بزدار کو اپنے محکمے کی کارکردگی سے آگاہ کیا، جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کارکردگی جاری رکھنے پر زور دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ’جیل نظام میں اصلاحات لاکر قیدیوں کیلئے آسانیاں پیدا کررہے ہیں، قیدیوں کو بھی بنیادی انسانی حقوق حاصل ہیں، قیام پاکستان کے بعد پہلی بار کسی وزیراعلیٰ نے 10 سے زائد جیلوں کے دورے کیے اور صورت حال دیکھ کر مسائل حل کیے، اس سے قبل کسی حکمران نے ایسا نہیں کیا‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’خواتین قیدیوں کے بچوں کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا، پنجاب کی 7جیلوں میں ملٹی اسٹوری بیرکس بنائی جارہی ہیں،  صوبے کی 21جیلوں میں پریزنرز مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کا آغاز ہو چکا ہے‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’جیلوں میں قیدیوں کی سہولت کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھایاجا رہا ہے‘۔  وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبائی وزیر کو جیلوں کی مانیٹرنگ کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی۔