بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار میگاواٹ سے تجاوز، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری

بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار میگاواٹ سے تجاوز، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری

لاہور: ملک بھر میں بجلی کا بحران برقرار ہے اور شارٹ فال 7 ہزار 800 میگاواٹ ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے ذرائع کے مطابق ملک بھر میں اس وقت بجلی کی مجموعی طلب 29 ہزار میگاواٹ جبکہ پیداوار 21 ہزار 200 میگاواٹ ہے اور یوں بجلی کا شارٹ فال 7800میگا واٹ ہو گیا ہے۔ 
لاہور کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کو تقریباً 800 میگا واٹ شارٹ فال کا سامنا ہے جس کے باعث لیسکو کی جانب سے ساڑھے 3 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا شیڈول دیا گیا ہے۔
دوسری جانب لیسکو ریجن میں سسٹم اوور لوڈ ہونے کے نتیجے میں بجلی کی کئی گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بجلی ٹرپنگ سے گرمی کے ستائے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ 
پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق آئی پی پیز سے مجموعی طور پر 10 ہزار 241 میگاواٹ، ونڈ پاور سے 1629 میگاواٹ، سولر پلانٹس سے 123 میگا واٹ، بگاس سے 120 میگاواٹ اور جوہری پلانٹس سے 2275 میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ 
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ لوڈ میں کمی بیشی کے سبب ٹرانسفارمر، میٹر جلنے کی شکایات بھی موصول ہو رہی ہیں جبکہ قصبوں اور دیہاتوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔

مصنف کے بارے میں