رمضان المبارک میں 9 ہیلی کاپٹروں کی مدد سے مسجد حرم کی نگرانی

مکہ: ماہ صیام کے موقع پرعمرہ زائرین کی تعداد بڑھ جانے اور مسجد حرام میں نمازیوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر حکومت نے متعمرین، زائرین، نمازیوں اور روزہ داروں کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرنے اور سکیورٹی کو فول پروف یقینی بنانے کے لیے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ۔

العربیہ ڈاٹ ٹی وی کے مطابق سعودی حکومت نے مسجد حرام میں رش کے باعث کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے اور رش کو مانیٹر کرنے کے لیے 9 ہیلی کاپٹرز مختص کیے ہیں جو چوبیس گھنٹے کی بنیاد پر زائرین ومتعمرین کو مناسک کی ادائیگی میں ہر ممکن سہولت بھی فراہم کر رہے ہیں۔ فضائی سکیورٹی کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد عید الحربی نے کہا کہ اس بار 9ہیلی کاپٹر حرم مکی کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹروں اور ایمبولینس طیاروں کو مقرر کرنے کا مقصد زائرین کو ہر ممکن سیکیورٹی ہنگامی طور لاجسٹک اور انسانی امداد مہیا کرنا ہے۔ جدید ترین مواصلاتی آلات سے لیس ان ہیلی کاپٹروں کی مدد سے مسجد حرام اور حرم مکی میں پر ہجوم مقامات پر خاص طور پر نظر رکھی جاتی ہے۔

حرم مکی کے ساتھ ساتھ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو ملانے والی مرکزی شاہراہ اور دیگر داخلی اور خارجی راستوں پر بھی شہریوں کی آمدو رفت کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔جنرل عیدالحربی کا کہنا تھا کہ ان ہیلی کاپٹروں کے لیے شاہ عبداللہ میڈیکل کمپلیکس، النور ہسپتال اور حرا ہسپتال کے ہیلی پیڈ استعمال کیے جا رہے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.