انڈیا نے پاکستان کو عبرتناک شکست سے دوچار کر دیا

انڈیا نے پاکستان کو عبرتناک شکست سے دوچار کر دیا

برمنگھم: انڈیا نے پاکستان کو عبرتناک شکست سے دوچار کر دیا ۔پاکستان کو 124 رنز سے شکست دیدی ۔انڈیا نے پہلے کھیلتے ہوئے 324 رنز کا ہدف دیا جواب میں پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی ۔ اظہر علی کے علاوہ کوئی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا ۔

پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد اور اظہر علی نے اننگز کا آغاز کیا، احمد شہزاد انتہائی سست روی سے بیٹنگ کرتے رہے اور 22 گیندوں پر صرف 12 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد بابر اعظم بیٹنگ کیلیے آئے اور وہ بھی صرف 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ محمد حفیط نے اظہر کے ساتھ تیسری کے لیے 30 رنز جوڑے مگر اظہر علی بھی 65 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔ شعیب ملک اچھی فارم میں دکھائی دیے اور کریز پر آتے ساتھ ہی 3 باؤنڈریاں لگائیں لیکن وہ 15 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے۔ محمد حفیظ نے بھی سست بیٹنگ کی روایت برقرار رکھتے ہوئے 43 گیندوں پر 33 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ عماد وسیم نے کھاتہ کھولنے کی بھی زحمت نہ کی اور پہلی ہی گیند پر پویلین واپس لوٹ گئے.

کپتان سرفراز احمد بھی شائقین کی امیدوں پر پورا نہ اترے اور اس بار وہ دھوکا دے گئے، سرفراز کی اننگز 15 رنز تک ہی محدود رہی بعد میں محمد عامر اور شاداب خان نے کچھ مزاحمت کی لیکن عامر 9 رنز پر آؤٹ ہوگئے اور شاداب 14 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ حسن علی پہلی ہی گیند پر پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ وہاب ریاض ان فٹ ہونے کی وجہ سے بیٹنگ کے لیے نہیں آئے۔

اس سے قبل بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کیلئے320 رنز کا ہدف دیا ہے ۔بارش کے باعث میچ کو 48 اوورز تک محدود کرنا پڑا ۔

برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں بارش نے 2 بار مداخلت کی جس کے سبب میچ 48 اوورز تک محدود کردیا گیا جب کہ بھارت نے مقررہ اوورز میں 3 وکٹ کے نقصان پر 319 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے روہت شرما اور شیکر دھون نے ٹیم کو 136 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، شیکر 68 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بنے جس کے بعد ویرات کوہلی نے روہت کا ساتھ دیا اور دونوں کے درمیان 56 رنز کی شراکت قائم ہوئی، روہت 9 رنز کی کمی سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور 91 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے۔ تیسری وکٹ کے لیے ویرات کوہلی کے ساتھ یووراج سنگھ کے ساتھ ملکر 93 رنز کی شراکت قائم کی اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں جب کہ یووراج 32 گیندوں پر 53 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ ہارڈک پانڈیا نے آخری اوور میں عماد وسیم کو 3 گیندوں پر لگاتار 3 چھکے لگائے جب کہ ویرات کوہلی 81 رنز پر ناقابل شکست رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے اور حسن علی نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔اس کے علاوہ پاکستان کا کوئی باؤلر بھارت کے بلے بازوں کو قابو میں نہ کر سکا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں