مسجد الحرام کی امن کمیٹی کا زائرین کیلئے نیا حکم نامہ جاری

مسجد الحرام کی امن کمیٹی کا زائرین کیلئے نیا حکم نامہ جاری
کیپشن: image by facebook

مکہ مکرمہ : محکمہ امن عامہ نے معتمرین اور زائرین سے کہا ہے کہ وہ مسجد الحرام کے صحنوں، راہداریوں اور گزر گاہوں میں بستر نہ لگائیں۔ بستر لگانے سے دیگر ضیوف الرحمان کو آنے جانے میں دشواری پیش آتی ہے۔

علاوہ ازیں خود بستر لگا کر سونے والوں کی بیحرمتی بھی ہوتی ہے۔ امن عامہ نے یہ اپیل حالیہ ایام کے دوران حرم شریف میں بڑے پیمانے پر بستر رواج پھیل جانے کے تناظر میں جاری کی ہے۔

امن عامہ نے توجہ دلائی ہے کہ اس فیصلے پر عمل درآمد کیلئے نگراں ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں ، تمام زائرین ان سے تعاون کریں اور انہیں اپنی ڈیوٹی انجام دینے کے سلسلے میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہ پیدا کریں۔

اس حوالے سے کسی بدگمانی میں مبتلا نہ ہوں ، بنیادی مقصد ضیوف الرحمان کو آرام و راحت اور سکون و یکسوئی کے ساتھ عبادت، تلاوت ، تراویح ، طواف اور صفا و مروہ کی سعی میں سہولت مہیا کرنا ہے۔

گزشتہ برسوں کے دوران حرم شریف جانے والے راستوں پر سیکڑوں لوگ بستر لگا لیتے تھے۔ اس سے ایک طرف تو آگاہی مہم اور دوسری جانب بستر لگانے پرعائد پابندی کے نفاذ کے لئے اقدامات کر کے روکا گیا ہے۔

سعودی عرب کے ممتاز علما نے اور برصغیر کی معروف شخصیات نے ایک اور نکتے کی جانب توجہ مبذول کرائی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اب جبکہ حرم شریف 24 گھنٹے دنیا بھر کے لوگوں کی نظروں میں رہتا ہے ایسے عالم میں حرم شریف کے صحنوں، راہداریوں اور سڑکوں پر بستر لگانے سے اسلام کے نظام اور مسلمانوں کی حرم شریف سے وابستگی پر حرف آئیگا۔

 لہٰٰذا ثواب کمانے کیلئے آنے والے اسلام کی سربلندی کا باعث بنیں ، اسلام کی بدنامی کا نہیں۔