ایس او پی کیخلاف ورزی، ملک میں کئی بڑی مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ

ایس او پی کیخلاف ورزی، ملک میں کئی بڑی مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ
ہم سب کو ہر صورت ایس او پیز فالو کرنے ہوں گے، معاون خصوصی شہباز گِل۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گِل کا کہنا ہے کہ ایس او پی کی خلاف ورزی پر ملک میں کئی بڑی مارکیٹیں آج بند کر دی جائیں گی۔وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گِل کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران ایس او پی فالو نہ کرنے پر پورے ملک میں کئی بڑی مارکیٹیں آج بند کر دی جائیں گی، پنجاب اور کے پی کے میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور ہم سب کو ہر صورت ایس او پیز فالو کرنے ہوں گے۔


نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب نے عوام کی جانب سے لاک ڈاؤن کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر حکومت پنجاب کے ایکشن سے آگاہ کیا اور بتایا کہ کورونا کیسز کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی سمیت بڑے شہروں کے بڑے بازار آج سے بند کرائے جارہے ہیں۔

راولپنڈی میں دکانیں سیل کرنے کے لئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں، ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر اور کینٹ میں یہ ٹیمیں پونے7 بجے آپریشن کے لئے نکلیں گی، شام 7 بجے کے بعد کھولی گئی دکانیں اور مارکیٹیں سیل کردی جائیں گی۔

دوسری جانب تاجروں نے مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ مسترد کر دیا ہے، تاجر رہنما نعیم میر نے کہا کہ ملک بھر میں مارکیٹیں اور بازار بند کرنے کا فیصلہ عقل، دلیل اور منطق کے برعکس ہوگا، مالی طور پر کمزور ریاست، تاجروں کی کفالت کرنے کی طاقت نہیں رکھتی، آج مارکیٹں بند ہونگیں تو کیا کل ٹرانسپورٹ اور پھر سارا ملک بند کر دیا جائے گا۔