کے الیکٹرک کے صارفین کیلئے بجلی کی قیمتوں میں ردوبدل کر دیا گیا

کے الیکٹرک کے صارفین کیلئے بجلی کی قیمتوں میں ردوبدل کر دیا گیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی (کے الیکٹرک) کیلئے بجلی کی قیمتوں میں ردوبدل کرتے ہوئے 4 ماہ کیلئے ٹیرف میں اضافہ اور 3 ماہ کیلئے ٹیرف میں کمی کر دی ہے اور مجموعی طور پر 7 ماہ کیلئے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق نیپرا کا کہنا ہے کہ 4 ماہ کےلئے ٹیرف میں اضافہ اور 3 ماہ کےلئے ٹیرف میں کمی کی گئی، نوٹیفکیشن کے مطابق جون 2020ءکے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 75 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی ہے اور جولائی 2020ءکے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 73 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے جبکہ اگست 2020ءکے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 31 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔ 
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ستمبر 2020ءکے ایف سی اے کی مد میں 70 پیسے فی یونٹ اضافہ، اکتوبر 2020 کے ایف سی اے کی مد میں 3 پیسے فی یونٹ کمی، نومبر 2020ءکے ایف سی اے کی مدمیں ایک روپے10پیسے فی یونٹ کمی اور دسمبر 2020ءکے ایف سی اے کی مد میں 50 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔ 
نیپرا کا کہنا ہے کہ جون ، جولائی ، اگست اور اکتوبر 2020ءکے ایف سی اے کا اطلاق جون 2021ءیعنی رواں مہینے کے بل پر ہو گا جبکہ ستمبر، نومبر، دسمبر 2020ءکے ایف سی اے کا اطلاق جولائی 2021ءیعنی اگلے مہینے کے بل میں ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیرف میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پرہوگا جبکہ ٹیرف میں کمی کااطلاق کے الیکٹرک کے تمام صارفین ماسوائے 300تک یونٹ والوں پر ہوگا۔نیپرا کا کہنا ہے کہ انڈسٹریل سپورٹ پیکیج والے کو 20 ٹیرف کی حدتک منفی ایف سی اے کا فائدہ ملے گا۔