امتحانات میں سوال کیسے دئیے جائیں گے اور ان کے نمبر کیا ہوں گے؟ سعید غنی نے تفصیلات بتا دیں

امتحانات میں سوال کیسے دئیے جائیں گے اور ان کے نمبر کیا ہوں گے؟ سعید غنی نے تفصیلات بتا دیں
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ نویں اور دسویں کے امتحانات جولائی میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ امتحانات میں 50 فیصد نمبر ملٹی پل چوائس سوالات (ایم سی کیوز )، 20 فیصد مختصر اور 30 فیصد سوالات طویل ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق سعید غنی نے کہا کہ امتحانی پالیسی سے تعلیمی بورڈز کو اختلاف نہیں ،کچھ بورڈ کے سربراہان نے تعلیمی پالیسی پر اختلاف کیا ہو گا، ہو سکتا ہے اس پالیسی سے کچھ نقصان ہو لیکن اس کا راستہ بھی نکالیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کل یا پرسوں کریں گے اور کوئی بھی فیصلہ مشاورت کے بغیر نہیں کیا جائے گا، اگر بازار ، شادی ہال کھولتے ہیں تو ویکسی نیشن لازمی ہو گی اس لئے شہری ہر صورت اپنی ویکسی نیشن کرائیں تاکہ موذی وباءسے محفوظ رہ سکیں۔ 
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے نویں کلاس سے بارہویں جماعت کے طلبہ کے امتحانات صرف چند اختیاری مضامین میں لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اعلان چند روز قبل وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ایک پریس کانفرنس میں کیا تھا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ میٹرک کے طلبہ کو ریاضی اور چار اختیاری مضامین کا امتحان دینا ہوگا جبکہ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ صرف اختیاری مضامین کے امتحان دیں گے جبکہ یہ فیصلہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت تمام صوبوں کے ساتھ مشاورت سے کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے محکمہ سکول ایجوکیشن نے 7 جون سے صوبے بھر کے اضلاع میں نجی اور سرکاری سکولز کھولنے کا نوٹیفکیشن بھی گزشتہ روز جاری کر دیا جس کے مطابق بچوں کو 50 فیصد حاضری کے تحت بلانے کی پابندی برقرار رہے گی۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا کہ سکولوں میں طلبہ کو 50 فیصد حاضری کے تحت بلایا جائے گا اور کوئی بچہ لگاتار دو دن سکول نہیں آئے گا جبکہ تمام متعلقہ اتھارٹیز کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کروائیں گی۔