معاشی حقائق سامنے آنے پر عمران خان اور کرائے کے ترجمان غائب ہو گئے ہیں: مریم اورنگزیب

معاشی حقائق سامنے آنے پر عمران خان اور کرائے کے ترجمان غائب ہو گئے ہیں: مریم اورنگزیب
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی حقائق سامنے آنے پر عمران خان اور کرائے کے ترجمان ایسے غائب ہوگئے ہیں جیسے ایک کروڑ نوکری اور 50 لاکھ گھروں کا وعدہ غائب ہو چکا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کرائے کے ترجمانوں کا یہی مسئلہ ہوتا ہے وہ سچائی بے نقاب ہونے پر فرار ہوجاتے ہیں، عمران خان اور ان کے ترجمان ایسے غائب ہوئے ہیں جیسے ایک کروڑ نوکری اور 50 لاکھ گھر کا وعدہ غائب ہوچکا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے مزید کہا کہ ہماری جماعت کے پری بجٹ سیمینار سے عمران خان صاحب اور کرائے کے ترجمان لاپتہ ہو چکے ہیں، جھوٹے اور جعلی معاشی اعداد و شمار پر روزانہ ٹوئٹ کرنے والے گمشدہ ہیں، عمران خان اور کرائے کے ترجمان اینکرز اور صحافیوں کو جواب دینے کے بجائے مفرور ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب 15000 ارب روپے کے ملک و قوم پر بڑھتے ہوئے قرض کا کوئی جواب نہیں ہے۔ انہوں نے عمران خان کو ایک مرتبہ پھر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مالیاتی خسارہ پاکستان کی تاریخ میں بلند ترین9.1 فیصد اور8.1 فیصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں 40 فیصد کمی کے باوجود درآمدات میں صرف 1 فیصد اضافہ کیوں ہوا؟ حکومت جواب دے، آٹے کی قیمت 70 روپے فی کلو اور چینی کی قیمت 110 روپے کلو ہے، اس کا جواب دیں، پانچ کروڑ لوگ غریب اور بیروزگار ہوگئے، اس ظلم اور بربادی کا جواب دیں۔