فیس بک اور انسٹاگرام کا ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹس پر عائد پابندی 2 سال تک برقرار رکھنے کا اعلان

فیس بک اور انسٹاگرام کا ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹس پر عائد پابندی 2 سال تک برقرار رکھنے کا اعلان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

واشنگٹن: سماجی رابطے کے سائٹ فیس بک کے نگراں بورڈ نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس کے استعمال پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیس بک، انسٹاگرام اور ٹوئٹر نے رواں سال 6 جنوری کو کیپٹل ہل پر حملے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹس بند کردئیے تھے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے تبصرے میں کیپٹل ہل پر دھاوا بولنے کی حمایت کی تھی جس پر فیس بک نے ان کے اکاؤنٹ کو 24 گھنٹے کیلئے بلاک کیا گیا تاہم پھر اسے غیرمعینہ مدت تک کیلئے بند کردیا گیا۔ 
فیس بک کے 20 رکنی نگراں بورڈ نے سابق امریکی صدر کے فیس بک اورا نسٹاگرام اکاؤنٹ کو بند رکھنے کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کے تبصرے نے پرتشدد ماحول کا سنگین خطرہ پیدا کیا جو کسی بھی طرح سے ٹھیک نہیں تھا۔
فیس بک کے نائب صدر برائے عالمی امور نک کلیگ نے اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹس کی معطلی کا باعث بننے والے حالات کو دیکھیں تو ہم سمجھتے ہیں کہ اس سے ہمارے قوانین کی سخت خلاف ورزی ہوئی اور انصاف کا تقاضہ یہ ہے کہ اس وقت نافذ پروٹوکولز کے تحت زیادہ سے زیادہ سزا دی جائے، ہم ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ دو سال کیلئے بند کر رہے ہیں اور پابندی کا اطلاق 7 جنوری 2021ءسے ہو گا۔ 
واضح رہے کہ رواں سال 6 جنوری کو اس وقت کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے کیپیٹل ہل (امریکی ایوان نمائندگان) پر دھاوا بول دیا تھا اور سیکیورٹی حصار توڑتے ہوئے عمارت کے اندر داخل ہو کر توڑ پھوڑ کی تھی جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے مذکورہ عمل کی حمایت کی تھی۔