زیادہ کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے کہیں کھلاڑی ان فٹ نہ ہوجائیں : انضمام الحق

زیادہ کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے کہیں کھلاڑی ان فٹ نہ ہوجائیں : انضمام الحق
کیپشن: image by facebook

لاہور :پاکستان کرکٹ بورڈ کی قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کی ٹیم ان کے ذہن میں ہے لیکن انھیں اس بات کا ڈر ہے کہ کھلاڑی بہت زیادہ کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے کہیں ان فٹ نہ ہو جائیں۔

انضمام الحق نے بی بی سی اردو کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ورلڈ کپ میں کون سے کھلاڑی کھیلیں گے یہ کافی عرصے سے ان کے ذہن میں ہے کیونکہ وہ تمام کھلاڑیوں کو کافی عرصے سے کھیلتا ہوا دیکھ رہے ہیں اور انھیں مواقع دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق 18 سے 20 کھلاڑیوں کا پول ہے جس پر کام ہورہا ہے۔

انضمام الحق کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹرز اتنی زیادہ کرکٹ کھیل رہے ہیں کہ انھیں فکر ہے کہ عین موقع پر وہ ان فٹ نہ ہوجائیں ، ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کرکٹرز کو ان فٹ نہیں دیکھنا چاہتے۔ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستانی کرکٹرز جسمانی اور ذہنی طور پر تازہ دم ہوکر عالمی کپ میں جائیں۔

خیال رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم ایشیا کپ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں سیریز کھیلنے کے بعد جنوبی افریقہ کےدورے پر گئی اور اب کھلاڑی پی ایس ایل میں مصروف ہیں جس کے بعد مزید دو بڑی سیریز ہیں۔

انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ’ابھی تک صرف ایک بڑی انجری محمد حفیظ کی سامنے آئی ہے۔ دیگر کھلاڑیوں کو فٹنس کے کسی بڑے مسئلے کا سامنا نہیں ہے

تاہم انھوں نے کہا کہ اگر کسی کھلاڑی کی فارم اچھی نہیں ہے تو اس کی وجہ بھی یہی ہے کہ اسے مسلسل کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے آرام نہیں مل رہا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ سے قبل آسٹریلیا اور انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنی ہے جبکہ ورلڈ کپ تیس مئی سے انگلینڈ میں شروع ہوگا۔