وزیراعظم اعتماد کا ووٹ لینے کے بجائے مستعفی ہوں: پی ڈی ایم 

وزیراعظم اعتماد کا ووٹ لینے کے بجائے مستعفی ہوں: پی ڈی ایم 
کیپشن: وزیراعظم اعتماد کا ووٹ لینے کے بجائے مستعفی ہوں: پی ڈی ایم 
سورس: file

اسلام آباد: اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے کہا ہے کہ حفیظ شیخ کی شکست سے حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، سپیکر قومی اسمبلی نے اچانک اجلاس ختم کر دیا۔ حکومتی بنچوں پر بیٹھے 17 افراد نے حفیظ شیخ کے خلاف ووٹ دیا، ایوان نے وزیراعظم پر عدم اعتماد کر دیا۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سابق وزیراعظم پرویز اشرف اور پی ڈی ایم کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر نے اچانک ختم کر دیا، سپیکر ڈائس سے ایسے بھاگے جیسے چور بھاگتے ہیں، وزیراعظم نے خود حکومتی امیدوار کی الیکشن مہم چلائی، عمران خان نے ہر رکن اسمبلی سے اربوں کی سکیموں کے وعدے کیے، شکست کے بعد حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سابق وزیراعظم  راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ حکومت کو اسمبلی میں شکست فاش کی مثال نہیں ملتی، حکومت خفت مٹانے کیلئے مختلف حربے استعمال کر رہی ہے، قومی اسمبلی نے عمران خان پر عدم اعتماد کر دیا، شکست کے بعد حکومت کے تمام ہتھکنڈے فضول ہیں، حکومت کو باعزت طریقے سے گھر چلے جانا چاہیئے، چوہوں کی طرح حکومت نہیں کر رہے تو شیروں کی طرح استعفیٰ دیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اتنی مہنگائی نہیں ہوئی، ہر طبقہ سراپا احتجاج ہے، شکست کے بعد عمران خان کے پاس حکومت کرنے کا جواز نہیں رہتا، ہمارا مطالبہ ہے وزیراعظم مستعفی ہوں، نئے انتخابات کرائے جائیں، یوسف رضا گیلانی کی کامیابی نے ثابت کر دیا کہ حکومت ناکام ہوچکی۔