پی ایس ایل ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کا طریقہ کار طے کر لیا گیا

پی ایس ایل ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کا طریقہ کار طے کر لیا گیا
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا چھٹا ایڈیشن ملتوی ہونے کے بعد ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کا طریقہ کار طے کر لیا گیا ہے  جس کے تحت ٹکٹیں خریدنے والے افراد کو ری فنڈنگ کیلئے کہیں جانے کی ضرورت نہیں ہوگی اور گھر بیٹھے ہی انہیں رقم واپس مل جائے گی۔ 

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کی ٹکٹیں فروخت کرنے والی ویب سائٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) فیضان اسلم نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس مرتبہ ون ٹائم پاس ورڈ (او ٹی پی) کے ذریعے ٹکٹوں کے تمام خریداروں کے تصدیق شدہ فون نمبر حاصل کئے تھے جبکہ کسی ادائیگی میں بھی کیش کا استعمال نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے ری فنڈنگ بھی آسان اور جلد ممکن ہو گی، جن صارفین نے ٹکٹیں خریدی، انہیں ری فنڈنگ کیلئے کہیں جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

انہوں نے بتایا کہ پی ایس ایل کی ٹکٹوں کی خریداری کیلئے استعمال کئے گئے عمل کے ذریعے ہی اب انہیں ٹکٹوں کی رقم بھی ری فنڈ کردی جائے گی، موبائل والیٹ، ایزی پیسہ/جاز کیش کے ذریعے کی گئی ادائیگیاں اگلے تین روز میں موبائل والیٹ میں ہی واپس منتقل کردی جائیں گی، یہ رقم کچھ لوگوں کو آج اور کچھ کو کل تک واپس کردی جائے گی اور مذکورہ صارفین کو اپنی رقم واپس حاصل کرنے کیلئے کسی بھی نمبر پر فون کال یا کہیں بھی ای میل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

فیضان اسلم نے بتایا کہ او ٹی سی کا استعمال کرنے والے افراد کو bookme.pk سے ایک ایس ایم ایس آئے گا جہاں ان سے ان کا شناختی کارڈ نمبر مانگا جائے گا تاکہ انہیں ٹکٹ ری فنڈ کیا جاسکے، یہ عمل مکمل ہونے میں ایک ہفتہ لگے گا، کریڈیٹ یا ڈیبیٹ کارڈز کے ذریعے ٹکٹیں خریدنے والے کسٹمرز کے بینکوں کو کل تک ری فنڈنگ کیلئے ای میل کردی جائے گی، پھر ری فنڈنگ کے اس عمل کا دورانیہ اس بینک پر منحصر ہوگا، کچھ بینک اس عمل کو تین دن میں مکمل کرلیتے ہیں جبکہ کہیں اسے مکمل کرنے میں 2 ہفتے لگ جاتے ہیں تاہم زیادہ تر بینکوں میں یہ عمل 5 روز میں مکمل کرلیا جاتا ہے۔