شین وارن نہیں آج کرکٹ کی موت ہوئی: پاکستانی کرکٹرز کا اظہار افسوس 

شین وارن نہیں آج کرکٹ کی موت ہوئی: پاکستانی کرکٹرز کا اظہار افسوس 
سورس: File

لاہور: سپن کے بادشاہ اور دنیائے کرکٹ کے معروف لیگ سپنر شین وارن کا انتقال دنیائے کرکٹ کو سوگوار کرگیا۔ پاکستان کے موجودہ اور سابق کرکٹرز نے ان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔ 

چیئرمین پی بی سی رمیز راجہ نے ٹویٹ میں کہا کہ شین وارن آپ کے ساتھ آج بہت ساری کرکٹ مرگئی ہے۔

سوئنگ کے سلطان اور مایہ ناز فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے لکھا کہ اپنے دوست شین وارن کی وفات کی اچانک خبر سن کر انتہائی افسردہ ہوں۔ 

آف سپن کے بادشاہ ثقلین مشتاق نے لکھا کہ یقین نہیں آ رہا کہ شین وارن نہیں رہے۔ ان کے ساتھ میری بہت سی یادیں ہیں۔

دنیا کے تیزترین فاسٹ باؤلرشعیب اختر نے کہا کہ میرے پاس الفاظ نہیں کہ میں اپنے صدمے کو بیان کر سکوں۔۔کیا لیجنڈ تھا۔ کیا آدمی تھا اور کیا کرکٹر تھا۔ 

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم شین وارن کی وفات کی خبر پر یقین کرنا انتہائی مشکل ہو رہا ہے۔ کرکٹ کی دنیا کے لیے انتہائی سنگین نقصان ہے۔ 

لیگ سپنر شاداب خان نے اپنی ڈی پی میں شین وارن کی تصویر لگاتے ہوئے لکھا کہ آپ کو دیکھتے ہوئے میں نے لیگ سپن باؤلنگ شروع کی۔ 

آل راؤنڈر سہیل تنویر نے ٹویٹ کیا کہ آپ کی موت کی خبر سن کر دل ٹوٹ گیا۔آپ کو بہت مس کیا جائے گا۔ 

آل راؤنڈر محمد نواز نے کہا کہ تباہ کن اور چونکا دینے والی خبر سے دل ٹوٹ گیا۔ 

 آسٹریلوی کرکٹر شین وارن آج دل کا دورہ پڑنے سے تھائی لینڈ میں 52 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔