پیپلز پارٹی نے بروقت انتخابات کی حمایت کردی ، ن لیگ اور جے یو آئی مخالف 

پیپلز پارٹی نے بروقت انتخابات کی حمایت کردی ، ن لیگ اور جے یو آئی مخالف 
سورس: File

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف سے سابق صدر آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات میں 2 صوبوں میں انتخابات پر اتفاق رائے نہ ہوسکا۔پیپلز پارٹی نے بروقت انتخابات کی حمایت کردی جبکہ ن لیگ اور جے یوآئی انتخابات نہیں چاہتیں۔ 

نجی ٹی وی نے ذرائع  کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان سے سابق صدر آصف علی زرداری اور جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی ہے، جس میں بہ یک وقت پنجاب اور خیبر پختون خوا میں عام انتخابات پر اتفاق رائے نہ ہو سکا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور جے یو آئی کی رائے ہے کہ صوبہ پنجاب اور کے پی انتخابات کو ممکنہ حد تک مؤخر کیا جائے۔

ن لیگ کا مؤقف ہے کہ موجودہ معاشی صورت حال میں 2 صوبوں میں انتخابات کرانا مشکل ہے، اس لیے معاشی معاملے پر الیکشن کمیشن کے براہ راست حکم کا انتظار کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق مطلوبہ رقم پر الیکشن کمیشن کے براہ راست حکم کے بعد دوبارہ مشاورت ہوگی۔

حکومتی اتحاد کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابات مؤخر کرانے کے لیے قانونی اور امن و امان کی پیچیدگیوں کو بھی سامنے لایا جائے گا، ادھر پیپلز پارٹی معاشی مشکلات کے معاملے پر متفق تو ہے مگر انتخابات میں رکاوٹ کے خلاف ہے۔

مصنف کے بارے میں