ایپ سپ کی طرف سے ترک زلزلہ متاثرین کیلئے 50 کروڑ روپے کی امداد 

ایپ سپ کی طرف سے ترک زلزلہ متاثرین کیلئے 50 کروڑ روپے کی امداد 
سورس: Twitter

اسلام آباد :پاکستانی یونیورسٹیز ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کی بحالی اور مدد کے جذبے سے سرشار ہیں، پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان (ایپ سپ) کے پلیٹ فارم سے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے پانچ سو ملین روپے کی امداد یقینی بنائی جا چکی ہے۔ یوریشیا میں ہونیوالی تین روزہ ہائیر ایجوکیشن سمٹ میں پاکستان کی 18 یونیورسٹیز کے 34 رکنی وفد نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے 500 ملین روپے کی مدد کا اعادہ کیا۔ ایپ سپ کے پلیٹ فارم سے فراہم کی جانے والی رقم زلزلہ متاثرین کی بحالی اور متاثرہ علاقوں کے طلبہ کی سکالر شپ پر خرچ کی جائے گی۔

چیئرمین ایپ سپ پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان اور ریکٹر سپیریئر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان نے سمٹ کے دوران 4 لاکھ ترکی لیرا کا چیک ترکیہ کے انٹولین ایجوکیشن اینڈ کلچرل فائونڈیشن کے بورڈ کے وائس چیئرمین ایلف آئیدن کے حوالے کیا۔ یوریشیا یونیورسٹیز کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مصطفیٰ آئیدن نے ایپ سپ اور پاکستانی قوم کی بھرپور معاونت کو خوب سراہا ۔

واضح رہے کہ ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے یونیورسٹی آف لاہور نے ایک ملین ڈالر مالیت کا سامان عطیہ کیا ہے۔ اسی طرح یونیورسٹی آف فیصل آباد نے ایک لاکھ دس ہزار ڈالر مالیت کا سامان اور یونیورسٹی آف سیالکوٹ اور انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سائنس ، آرٹس اینڈ ٹیکنالوجی گوجرانوالہ نے دس ملین روپے کی سکالرشپس کا اعلان بھی کیا ہے۔ یونیورسٹی آف منیجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کی جانب سے ایک ملین ڈالر مالیت کی سکالر شپس کا اعلان کیا گیا ہے۔

ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کو فراہم کئے جانے والے سامان میں خشک راشن ،کمبل، ادویات سمیت اشیائے ضروریہ شامل ہیں۔ مزید برآں کامسٹیک کے کو آرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر ایم اقبال چوہدری نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرہ علاقوں کے طلبہ کیلئے مکمل سکالرشپ کا اعادہ کیا ہے۔ ایپ سپ کے پلیٹ فارم میں شامل تمام یونیورسٹیز نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ترکیہ کے زلزلہ متاثرین اور بالخصوص طلبہ کیلئے معاونت کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

مصنف کے بارے میں