فلسطین کی آبادی کا تناسب 15 فیصد تک لانے کی سازش کرنے کا انکشاف

فلسطین کی آبادی کا تناسب 15 فیصد تک لانے کی سازش کرنے کا انکشاف

عمان :اسلامی تعاون تنظیم کے فلسطین کےلئے خصوصی مندوب احمد الرویضی نے انکشاف کیا ہے کہ صہیونی ریاست بیت المقدس میں فلسطینی آبادی کا تناسب کم کرکے 15 فیصد لانے کی سازش کررہی ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ صہیونی ریاست نے بیت المقدس میں توسیع پسندی کا جال تیار کرنا شروع کیا ہے۔
صرف توراتی پارکوں کےلئے 2600 دونم اراضی غصب کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ صہیونی انتظامیہ نے بیت المقدس میں ’او آئی سی‘ کے مندوبین کو تعمیرو مرمت سے سختی سے روک دیا ہے۔ مشرقی بیت المقدس کا 12 فی صد رقبہ فلسطینیوں کو دیا جا رہا ہے جبکہ 42 فی صد رقبے پر یہودی بستیاں تعمیر کی جا رہی ہیں۔ باقی اراضی یہودی پارکوں کے نام پر غصب کی گئی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں الرویضی نے کہا نہ صہیونی ریاست نے 1967ءکے بعد اب تک بیت المقدس کی 2600 دونم اراضی توراتی پارکوں کےلئے غصب کی۔ ان میں سات پارک وادی حلوہ، جبل المکبر، وادی الجوز، الصوانیہ، جبل زیتون، العیسویہ، جبل الطور، جور العناب، باب الخلیل اور باب الساھرہ میں تعمیر کیے جا رہے ہیں۔