نیویارک : دنیا بھر میں سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے فیس بک پرتشدد مواد مانیٹر کرنے اور ہٹانے کیلئے 3ہزار افراد کو ملازمتیں دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
فیس بک پر جاری پیغام میں مارک زکر برگ نے کہا کہ کچھ لوگ فیس بک لائیو پر خود کو اور دوسروں کو نقصان پہنچانے کی ویڈیوز چلا رہے ہیں جو کہ ایک انتہائی ناقابل قبول امر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم ایک بہتر معاشرہ کی تشکیل چاہتے ہیں تو ہمیں ایسی چیزوں پر فوری رد عمل دینا ہوگا اور ہم نے اس پر مکمل قابو پانے کیلئے کام شروع کر دیا ہے۔
مارک زکر برگ نے کہا کہ فیس بک ایک سافٹ وئیر بھی انسٹال کرے گا جوکہ ایسی ویڈیوز کو ڈیلیٹ کردے گا، تاہم صرف سافٹ وئیرسے یہ کام نہیں کیا جاسکتا، اس کیلئے ماہر افراد کی بھی ضرورت ہے، آئندہ سال ہم پوری دنیا میں اپنی ٹیم میں 3 ہزار افراد کو ملازمتیں دیں گے جو کہ ان ویڈیوز کو مانیٹر کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ہٹانے کیلئے کام کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ مبصرین ہمیں اس طرح کی چیزیں ہٹانے میں مدد فراہم کریں گے۔خیال رہے کہ فیس بک کو ان وڈیوز اور پر تشدد مواد کے باعث کافی تنقید کا سامنا تھا۔ جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔